تازہ ترین

کرن رجیجو کا یونانی میڈیسن کے ریجنل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا دورہ

لیبارٹریوں کا معاینہ کیا،یونانی طرز علاج کی مزید تشہیر پر زور

تاریخ    10 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   


سرینگر //اقلیتی امور اور آیوش کے وزیر مملکت کیرن رجیجو نے کل یہاں یونانی میڈیسن کے ریجنل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کیا اور اس کے کام کاج کے ساتھ ساتھ بنیادی ڈھانچے اورٹیسٹنگ لیبارٹریز کا مجموعی جائزہ لیا ۔دورے کے دوران انہوں نے یونانی طرز علاج کے مختلف اقسام کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔انہوں نے کہا کہ وہ آئی ایس ایم کے طرز علاج سے متاثر ہیں اور اس کی مزید تشہیر پر زور دیا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس سے فائدہ پہنچے۔ کیرن رجیجو  نے بائیو کیمسٹری ، ریڈیولاجی ، فوٹو کیمسٹری ، ہسٹولوجی اور دیگر لیبارٹریوں کا معاینہ کیا اوران کے کام کاج کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ وہ انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کرکے اور مریضوں کو دیئے جانے والے علاج سے خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کو قدرتی پودوں سے نوازا گیا ہے جس میں مختلف قسم کی دواؤں کی جڑی بوٹیاں ہیں جو مختلف بیماریوں کے علاج میں مددگار ہیں۔انہوں نے انسٹی ٹیوٹ میں ہونے والے تحقیقی کاموں کو سراہا اور انسٹی ٹیوٹ میں علاج اور دیگر سرگرمیوں میں پیشرفت پر زور دیا۔ رجیجو نے یہاں زیر علاج مریضوں سے بھی بات چیت کی ۔انہوں نے کہا کہ روایتی سسٹم آف میڈیسن حالیہ دنوں میں وبائی مرض سے لڑنے کے لئے ایک اہم طریقہ بن گیا ہے۔کیرن رجیجو نے انسٹی ٹیوٹ کی انتظامیہ کو یقین دلایا کہ حکومت ان اداروں کے بنیادی ڈھانچے اور میڈیسن کی مزید ترقی اور فروغ کے لئے ہر ضروری مدد فراہم کرے گی۔اس سے قبل ، کیرن رجیجو نے احاطے میں خوبانی کا ایک پودا لگایااورانہیں انسٹی ٹیوٹ کے افسران نے درخت سے ہونے والے فوائد کے بارے میں بتایا گیا۔اس موقعہ پریونانی میڈیسن میںسینٹرل کونسل فار ریسرچ کے ڈائریکٹر جنرل  عاصم علی خان ، جامعہ کشمیر یونیورسٹی کے پروفیسر نثار احمد ، ڈین اکیڈمک ، کشمیر یونیورسٹی ، شبیر احمد ، ڈپٹی ڈائریکٹر سیما اکبر اوردیگر افسران ، ڈاکٹر اور طلباء موجود تھے۔