تازہ ترین

جموں یونیورسٹی میں 26 ، ایم اے ایم کالج میں 2 ، آئی آئی ایم جموں میں 3 فیکلٹی ممبران کورونا متاثر

ادھم پور میں 28 بی ایس ایف ٹرینی بھی مثبت آئے ،کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے 3 ہسپتال تیار ی کی حالت میں

تاریخ    10 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   
(عکاسی:میر عمران)

سید امجد شاہ
جموں// جموں یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کے 26 فیکلٹی ممبران ، گورنمنٹ ایم اے ایم کالج جموں کے 2 ٹیچنگ اسٹاف ممبران اور انڈین انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ (آئی آئی ایم) جموں کے 3 ٹیچروں کو کورونا وائرس میں مبتلا پایاگیا۔چونکہ ضلع جموں میں مثبت افراد کی تعداد 164 تک پہنچ چکی ہے تومحکمہ صحت نے وائرس کے مزید پھیلاؤ پر قابو پانے کے لئے متاثرہ لوگوں کی نشاندہی کرنے اور ان کو الگ تھلگ کرنے کے لئے مختلف تعلیمی اداروں میں مرحلہ وار انداز میں نمونے لینے شروع کردیئے۔ایک عہدیدار نے کہا"ہم نے جامعہ جموںمیں عملے کے 154 ممبروں کے نمونے لئے اور ان میں سے 26 کوویڈ 19 مثبت پائے گئے۔ ان سے کہا گیا ہے کہ وہ خود کو الگ کریں اور ان کے رابطوں کا سراغ لگایا جائیگا‘‘۔عہدیدار نے بتایا کہ یونیورسٹی میں کل بھی نمونے لینے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ عہدیدار نے مزید کہا "ہم تعلیمی اداروں میں مرحلہ وار نمونے لینے کا سلسلہ جاری رکھیں گے"۔دریں اثنا آئی ایم جموں کی کل رات کی رپورٹوں میں آر ٹی پی سی آر کے نمونے لینے کے دوران 72 میں سے 3 نمونے مثبت پائے گئے۔عہدیدار نے بتایا کہ گورنمنٹ ایم اے ایم کالج میں سیمپلنگ کا عمل بھی شروع ہوا ۔ان کے مطابق انہوں نے عملے کے ممبروں اور طلباء کے 278نمونے لئے تاہم کالج میں کووڈ کے لئے دو اساتذہ کا مثبت نتیجہ آیا ہے۔ادھر ادھم پور ضلع میں بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے 28 جوانوں نے کوویڈ 19 کے لئے مثبت جانچ کی ہے۔ جموں ریجن بھر کے معاملات میں اچانک اضافے اور ضلع ادھم پور میں کچھ معاملات کی کھوج کے پیش نظر محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ انھیں صورتحال سے نمٹنے کیلئے کمر بستہ ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔عہدیدار نے مزید کہا "ہمیں ڈسٹرکٹ ہسپتال ادھم پور ، کمیونٹی ہیلتھ سنٹر رام نگر اور کمیونٹی ہیلتھ سنٹر چنانی میں آکسیجن بستر تیار کرنے کے بارے میں بتایا گیا ہے"۔انہوں نے بتایا کہ انھوں نے وائرس سے متاثرہ  غیر علامتی مریضوں کے لئے کوویڈ کیئر سنٹر کی بھی نشاندہی کی ہے۔ تاہم انہوں نے مزید بتایا کہ ابھی تک اس مرکز کو مشتہرنہیں کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنر جموں انشول گارگ نے ایک حکم کے ذریعے جموں ڈسٹرکٹ (میونسپل کارپوریشن) کے شہری علاقوں اور سات شہری بلدیاتی اداروں میں 9اپریل سے رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک اگلے احکامات تک تمام غیر ضروری سرگرمیوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کردی ہے ۔ڈی سی جموں نے حکم دیا ہے کہ ایس ایس پی جموں من و عن ان پابندیوں کا نفاذ یقینی بنائیں۔