تازہ ترین

لندن کے میئر صادق خان آئی پی ایل میچوں کولندن لانے کے خواہاں

تاریخ    10 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   


لندن//لندن کے میئر صادق خان نے آئی پی ایل میچوں کو انگلینڈ کے دارالحکومت لندن میں لانے کے تعلق سے جوش وخروش کا اظہارکیا ہے۔صادق خان نے جمعہ کو ایک پریس ریلیز میں کہا، ’’اگر میں پھر سے لندن کے میئر کے طورپر منتخب کیا جاتا ہوں تو میں لندن میں آئی پی ایل میچوں کے انعقادکے سلسلے میں کرکٹ حکام کے ساتھ کام کروں گا۔ یہ کورونا وبا کے بعد ایک بہتر لندن بنانے کا میرامنصوبہ ہے۔ مجھے معلوم ہے کہ لندن کے لوگ وراٹ کوہلی، روہت شرما، رشبھ پنت اور کئی دیگر کھلاڑیوں کو یہاں دیکھنے کے لئے بیتاب ہیں اور دنیا کے دوسب سے بڑے میدانوں لارڈس اور دی کیا اوول کے ساتھ لندن آئی پی ایل میچوں کی میزبانی کے لئے مثالی مقام ہوگا۔خان نے کہا، ’’ایلیٹ مقابلوں میں بھیڑ کی غیرموجودگی لندن کے کئی کھیل کے مداحوں کے لئے مشکل رہی ہے، لیکن مجھے معلوم ہے کہ ہم وبا کے بعد ایک بہتر، زیادہ کھلے اور خوشحال شہر کی تعمیرکرسکتے ہیں اور ہمارے دارالحکومت کو دنیا کے غیرمتنازعہ اسپورٹ کیپٹل کے طور پر دیکھ سکتے ہیں۔ میں کبھی بھی ہمارے شہر میں سرمایہ کاری بند نہیں کروں گا اور آئی پی ا یل کو لندن لاکر نہ صرف ہرملک کو ہوم گراونڈکی ضمانت دوں گا، بلکہ سیاحت کو فروغ دوں گا اور ہمارے دارالحکومت کو پیروں پر واپس لانے میں مدد کرنے کے لئے بے حد ضروری ریونیو پیدا کروں گا۔قابل ذکر ہے کہ لندن نے اس سے پہلے نیشنل فٹ بال لیگ ( این ایف ایل) ٹورنامنٹ اور میجر لیگ بیس بال دونوں میں باقاعدہ سیزن میچوں کی میزبانی کی ہے، جس میں ٹوٹینہم ہاٹسپر کے نئے اسٹیڈیم میں میچ کھیلنے کے لئے دس سال کامعاہدہ کیا گیا ہے اور آئندہ چھ مئی کو اپنا دوسرا میئر الیکشن لڑنے والے خان کیا اوور یا لارڈس میں گروپ میچوں کی میزبانی کرکے آئی پی ایل کو اس فہرست میں جوڑناچاہتے ہیں۔یواین آئی۔الف الف