ڈی سی کی ہدایت پرغیر قاقونی تجاوز کیخلاف کارروائی

ضلع ہسپتال پونچھ کو جانے والی سڑک کی کشادگی کاکام شروع

تاریخ    9 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   


حسین محتشم
پونچھ// ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت کی خصوصی ہدایت پر ضلع ہسپتال پونچھ کو جانی والی سڑک پرغیر قاقونی تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران قبضہ مافیا کی جانب سے کئے گئے تجاوزات کو ہٹانے کا سلسلہ جمعرات کو بھی جاری رہا۔ اس دوران ضلع ہسپتال کے صدر دروازہ کے سامنے سے کئی ڈھانچوں کو مسمار کیا گیا ۔نائب تحصیلدار کی قیادت میں کی گئی اس کارروائی کے دوران کامسر آرا تا صدر دروازہ ضلع ہسپتال پونچھ سڑک کا بھی تعمیراتی کام شروع کیا گیا تاکہ ضلع ہسپتال کی جانب چلنے والی ٹریفک کو یک طرفہ کیا جا سکے۔ضلع انتظامیہ نے میونسپل کونسل پونچھ ،محکمہ تعمیرات عامہ محکمہ مال اور پولیس کے اہلکاروں کے ہمراہ بھاری مشینری کی مدد سے وہاں سرکاری اراضی پر قائم غیر قانونی پختہ تعمیرات ہٹا دیں۔نائب تحصیلدارمحمد رشید چوہان نے بتایا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا۔انہوں نے ان لوگوں سے جنہوں نے سرکاری املاک پر قبضہ کر رکھا ہے سے اپیل کی کہ وہ تجاوزات خود ہی ہٹاکر انتظامیہ کا تعاون کریں ۔واضح رہے کہ ضلع ہسپتال پونچھ کو جانے والی سڑک پرناجائز تجاوزات سے ہسپتال کو جانے والی ٹریفک میں خاصی مشکلات پیش آتی ہیں اس سلسلہ کو ختم کرنے کے لئے کامسر آرا تا صدر دروازہ ضلع ہسپتال پونچھ نئی سڑک تعمیر کی جارہی ہے تاکہ ضلع ہسپتال کی جانب چلنے والی ٹریفک کو یک طرفہ کر کے ان مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔
 

تازہ ترین