تازہ ترین

سنٹرل یونیورسٹی کشمیر اور آر آر یوکے مابین مفاہمت نامے پر دستخط

تاریخ    9 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   


ارشاد احمد
 گاندربل//سنٹرل یونیورسٹی کے شعبہ قانون اور راشٹریہ رکشا یونیورسٹی نے جمعرات کو ایک مفاہمت نامے پر آن لائن دستخط کئے۔ اس موقع پر پروفیسر فاروق احمد میر سربراہ ایس ایل ایس نے پروفیسر معراج الدین میر سنٹرل یونیورسٹی کشمیر کے وائس چانسلر ، پروفیسر بمل این پٹیل راشٹریہ رکشا یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس مفاہمت نامہ سے اداروں کے طلبہ کو فائدہ ہوگا۔کے وی راوی کمار نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایم او یو نہ صرف طلباء بلکہ فیکلٹی ممبروں کو بھی مواقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مفاہمت نامے کے تحت اساتذہ اور طلباء کے تبادلہ ، تحقیقی منصوبوں ، لیکچرز کے انعقاد ، تربیتی پروگراموں ،سمیناروں اور کانفرنسوںسے تعلیمی شعبوں میں باہمی تعاون کی سرگرمیاں انجام دی جائیں گی۔ پروفیسر ڈاکٹر بمل این پٹیل جو مہمان خصوصی تھے ،نے سنٹرل یونیورسٹی کشمیر کے فیکلٹی اور طلباء کو یقین دلایا کہ آر آر یو ایک عالمی تعلیمی پلیٹ فارم ہے اور اس نے جو وسائل اور تعلیمی نظام تشکیل دیا ہے وہ طلباء اور اساتذہ کے شعبہ کے فیکلٹی ممبروں کے لئے دستیاب ہوگا۔ انہوں نے سائبر سیکیورٹی اور مشین لرننگ ، بین الاقوامی قانون وغیرہ جیسے دیگر شعبوں پر روشنی ڈالی جس پر دونوں یونیورسٹیاں تعاون کرسکتی ہیں۔وائس چانسلر پروفیسر معراج الدین میر نے اپنے خطاب میں پروفیسر بمل این پٹیل کو ان کی تعلیمی سرپرستی پر شکریہ ادا کیا کہ وہ عام طور پر قانون کے طالب علموں اور خاص طور پر کشمیر سے تعلق رکھنے والے قانون کے طالب علموں کو پیش کررہے ہیں۔ انہوں نے پروفیسر پٹیل کے توسط سے آر آر یو کے فیکلٹی ممبروں کو سنٹرل یونیورسٹی کشمیر کا دورہ کرنے اور ورکشاپوں اور تدریسی کاموں میں مشغول ہونے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا ’’ ہم واقعی جدید قانونی تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری مسائل اور پریشانیوں سے نمٹنے کے لئے بہتر پوزیشن میں ہوں گے‘‘۔سسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر مدثر بٹ نے اس تقریب کی کارروائی کی جبکہ رابطہ کار کی حیثیت سے  گل افروز جان نے شکریہ کی تحریک ادا کی۔ 
 

تازہ ترین