تازہ ترین

اننت ناگ میں اپنی پارٹی کا یک روزہ کنونشن

پی ڈی پی سے نہیں نکلے بلکہ ہمیں نکالا گیا: الطاف بخاری

تاریخ    9 اپریل 2021 (00 : 01 AM)   


عارف بلوچ
اننت ناگ //اپنی پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے کہا آزاد صحافت اچھی جمہوریت کی بنیادی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوگ پی ڈی پی سے نہیں نکلے بلکہ انہیں کشمیریوں کے حق میں بات کرنے کے جرم میں پارٹی سے نکالا گیا۔براگام ڈورو میں یک روزہ پارٹی کنونشن کے حاشیہ پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کہا کہ اپنی پارٹی آزاد صحافت پر یقین رکھتی ہے، کسی بھی جمہوری نظام میں میڈیا پر قدغن لگانا اچھی بات نہیں ہے،اپنی پارٹی ہر شخص کے جمہوری حق پر اتفاق رکھتی ہے۔انہوں نے محبوبہ مفتی کے حالیہ بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ پارٹی سے خود الگ نہیں ہوئے ہیں بلکہ جب کشمیر کے نوجوان جیلوں میں نظر بند تھے تو انہوں نے انکی رہائی کیلئے مرکز سے بات کی جو ایک جرم بن گیا اور انہیں و دیگر ساتھیوں کو پارٹی نے باہر کا راستہ دکھایا۔اس سے پہلے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کہا جموں وکشمیر کی جامع ترقی کیلئے ریاستی حقوق کی بحالی ایک لازمی شرط ہے، اپنی پارٹی بار بار حکومت ہند پر زور دے رہی ہے کہ جموں و کشمیر کو ریاست کی بحالی میں تاخیر نہیں کرنی چاہئے اور ہمیں پختہ یقین ہے کہ مرکز یہاں کے لوگوں کے جذبات و احساسات کو نظر انداز نہیں کرے گی۔الطاف بخاری نے کہا کہ بیروزگاری کی بڑھتی ہوئی شرح اور جموں و کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کے سلسلے میں موجودہ سست رفتاری اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ منتخب حکومت ناگزیر بن چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ بہت سی سیاسی جماعتوں نے اعلان کیا تھا کہ ڈی ڈی سی انتخابات ختم ہونے کے بعد وہ جموں وکشمیر میں 5 اگست 2019 سے پہلے کی پوزیشن کو بحال کرنے کی کوشش کریں گے لیکن اب تک کسی قسم کا ٹھوس نتیجہ برآمد نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عوامی فلاح و بہبود کے لئے پوری تندہی سے کام کریں اور ضلع اننت ناگ میں ممبرشپ مہم کو بڑے پیمانے پر شروع کریں۔ کنونشن سے پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر ، نائب صدر عثمان مجید ، جنرل سکریٹری رفیع احمد میر ، صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر ، ریاستی سیکریٹری اور ضلع صدر بڈگام منتظر محی الدین ، چیف کوآرڈینیٹر و ڈسٹرکٹ انچارج کولگام عبد المجید پڈر ، ضلع صدر اننت ناگ عبدالرحیم راتھر ، چیئرمین میونسپل کونسل اننت ناگ ہلال احمد شاہ ، صوبائی سکریٹری نذیر احمد وانی دیلگامی نے بھی خطاب کیا۔
 

تازہ ترین