تازہ ترین

منڈی میں سڑک کی تعمیر کا معاملہ | اراضی مالک و انتظامیہ کے مابین تصادم،7زخمی

تاریخ    8 اپریل 2021 (10 : 12 AM)   


عشرت حسین بٹ
منڈی//تحصیل منڈی کے علاقہ ترچھل میں زمین کو لیکر عوام اور انتظامیہ میں ہوئے تصادم میں ایک ہی کنبہ کے 7 افراد زخمی ہو گئے ۔ تحصیل منڈی کے علاقہ ترچھل میں سڑک کی تعمیر کو لے کر انتظامیہ اور اراضی مالک کے مابین تصادم ہو گیا ۔زمین مالکان نے انتظامیہ کو اپنی زمین سے سڑک نہیں نکالنے دی جس کو لیکر انتظامیہ اور زمین مالکان میں تصادم ہوا جس دوران سات لوگ زخمی ہوگے جو منڈی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ خرشید احمد نامی زمین مالک نے بتایا کہ انتظامیہ ان کی زمین سے زبردستی سڑک نکالنا چاہتی تھی جبکہ انہوں نے زمین دینے سے انکار کیا ۔انہوں نے پولیس پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے وہاں موجود عورتوں اور بچوں پر لاٹھی چارج کیا اور انسو گیس بھی برسائی جس کی وجہ سے ان کے سات افراد زخمی ہوئے ۔ادھر ایس ایچ او منڈی بشیر کوہلی نے بتایا کہ ترچھل علاقہ سے سڑک نکالی جا رہی تھی جس کی تعمیر میں کچھ افراد رخنہ ڈالنے کی کوشش کررہے تھے ۔انہوں نے بتایا کہ اس عمل کے دوران زمین مالک نے پولیس پر پتھرئو کیا جس کی وجہ سے پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں جبکہ کچھ سیول لوگ بھی زخمی ہوئے ہیں ۔