تازہ ترین

افسانچے

تاریخ    21 مارچ 2021 (00 : 01 AM)   


ڈاکٹر فیض قاضی آبادی

تدبیر

امجد کا ٹسٹ پازیٹو آتے ہی سنگ آباد کو ریڈ زون قرار دے دیا گیا۔اس گائوں کے تمام راستوں کوسیل کر کے لوگوں کو اپنے گھروں میں ہی محصور کر دیا گیا۔ اشرف امجد کا دوست تھا۔ یہ مزدوری کرکے اپنے اہل و عیال کی کفالت کرتا تھا ۔ گھر میں جو کچھ موجود تھا وہ تین دن میں ہی ختم ہو گیا۔ مقامی انتظامیہ نے بھی ابھی تک راشن کٹ تقسیم نہیں کیے۔ جب بھوک ستانے لگی تو بچے زارو قطار رونے لگے۔ اشرف اور ان کی بیوی نے اپنے پیٹوں پرپتھر تو باندھ دیئے لیکن بچوں کی بھوک ان سے برداشت نہ ہو سکی۔ اپنے بچوں کو دیکھ کر وہ بھی زار و قطار رونے لگے اور ہاتھ اٹھا کر اللہ سے دعائیں کرنے لگے۔ معاً اشرف کے چہرے پر خوشی کے آثار نمایاں ہوگئے۔ آدھ گھنٹے تک تین چار آدمیوں سے فون پر بات کرتے رہے ۔ظہر کی اذان ہو رہی تھی ۔ چند گاڑیا ں ان کے بوسیدہ مکان کے سامنے کھڑی ہو گئیں اور ان سب کو کارنٹاین  سینٹر پہنچایا گیا۔دوپہر کا کھاناپروسا جا رہا تھا۔

دوسری شادی

سیٹھ جمال دین نے دوسری شادی ایک ایسی لڑکی کے ساتھ کی جس کی عمر صرف ۱۹ سال تھی۔ 
اس شہر کے ایم ایل اے فردوس احمد نے بھی دوسری شادی کی ۔ لڑکی پیشہ کے لحاظ سے ڈاکڑ تھی۔ 
مولانا فرقان بھی اسی شہر میں رہتا ہے۔ اس کی بیوی بچہ دانی میں سیسٹ ہونے کی وجہ سے بچہ جننے سے قاصر ہو گئی ہے۔ اس لئے مولانا فرقان نے اس بیوی کے مشورے سے دوسری شادی کر لی۔
ایک طرف دوسری بیوی کی رخصتی ہو گئی تو دوسری طرف جامع مسجدکمیٹی نے اسے جمعہ امامت کے منصب سے رخصت کر دیا۔

خلافت

مسلمانوں کو پھر سے قیادت ملنے والی ہے۔ ایک دوست نے تاش کا ایک پتا ٹیبل پر پھینکتے ہوئے کہا۔
ضرور،مجھے بھی کچھ ایسا ہی لگتا ہے ۔ خلافتِ عثمانیہ قایم کرنے کے لیے ترکوں نے کمر کس لی ہے۔ اور پھرــــــ ’’ ارتغرل سیریل‘‘  تو دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو اُبھار رہی ہے۔ دوسرے دوست نے اپنی باری پر تاش کا پتا کھیلتے ہوے کہا  
ارے آپ نے یاد دلایا میں نے ’’ارتغرل سیریل ‘‘ کے پانچوں سیزن کی تین سو قسطیں صرف دس دن میں دیکھی ہیں۔  حلیمہ سلطان اور شاہینہ نے کیا ایکٹینگ کی ہے۔ بہت خوبصورت ہیں وہ۔ تیسرے دوست نے پتاکھیلا۔
کاش وہ دن دیکھنے کو نصیب ہوجائے جب مسلمانوں کی خلافت پھر سے قایم ہوجائے گی۔ چوتھے دوست نے یکہ کھیل کر بازی جیت لی ۔ کچھ دیر بعد کمرے میں اعلیٰ قسم کی شراب اور فرے فش حاضر کی گئی ۔ ’’ دی مغل امپیریل‘‘  ہوٹل کا یہ کمرہ پورن اسٹارس کی تصویرو ں سے مزین کیا گیا تھا اور ایک انگریزی پورن فلم ٹی وی اسکرین پرچل رہی تھی ۔ آیاصوفیہ کے میناروں سے فجر کی اذان ہوا میں گونج رہی تھی اور چاروں دوست سرہانوںکو اپنے زانو کے درمیاں دباتے ہوے ایک دوسرے سے  پوچھ رہے تھے۔ کیا سچ میں خلافت قایم ہوجایئے گی۔

ہاٹ

مما  HOT  کیا ہوتا ہے ؟
پانچ سالہ منی نے اپنی ماں سے پوچھا ؛
بیٹا! آپ کو یہ بھی نہیں معلوم ۔کئی بار جو پڑھایا ہے کہ HOTکا معنٰی گرم ہے 
جی مما! مجھے سب یاد ہے آپ نے پڑھاتے ہوے HOT MILKاورHOT WATERکی مثالیں بھی دی تھیں ۔ لیکن  آپ نے یہ نہیں کہا کہ لڑکی بھی HOTہوتی ہے۔
فریدہ یہ سنتے ہی سکتے میں آگئی۔ اس نے حیران ہوتے ہوے منی سے پوچھا ؛
منی آپ نے یہ کہا ں سنا۔
مما آپ ہی نے تو کہا میرے موبائیل پر کپل شرما شودیکھ۔ اسی میں کپل انکل نے اسٹیج پر ایک لڑکی سے کہا آپ ہاٹ لگ رہی ہو۔
 
 
ہندواڑہ (سوپر ناگہامہ)یر،فون نمبر؛ 09622706839
 

 

تازہ ترین