تازہ ترین

شوپیاں میں اغواکاری کے 2معاملات حل

ایک لڑکی جموں اور 2چچیری بہنیںسرینگر سے برآمد،2گرفتار

تاریخ    12 مارچ 2021 (00 : 01 AM)   


 سرینگر//امام صاحب شوپیاں میں پولیس نے اغوا کی گئی لڑکی کو جموں سے برآمد کرکے اغواکار کو گرفتار کرلیا۔ ادھر پولیس نے اغوا کی گئی2چچیری بہنوں کو سرینگر سے برآمد کرلیا اور اغواکار کو حراست میں لے لیا۔ وزیر چک امام صاحب شوپیاں میں پولیس کو تحریری شکایت ملی کہ ایک لڑکی (نام مخفی) کو آکاش احمد ڈار ولد غلام محمد ڈار ساکنہ وزیر چک امام صاحب شوپیاں نے اغوا کیاہے۔ اس سلسلہ میں پولیس نے ایف آئی آر زیر نمبر10/2021درج کرکے مغویہ اور اغواکار کی تلاش شروع کی۔شام دیر گئے پولیس  شکایت نے مغویہ لڑکی کو جموں سے برآمد کرکے آکاش ڈار کو گرفتار کرلیا ہے۔ادھر شوپیاں میں ہی اغوا کی گئی2چچیری بہنوں کو 24گھنٹوں میں بازیاب کرکے اغواکارکو گرفتار کرلیا۔شوپیاں میں پولیس کو 2بہنوں کی اغواکاری کے سلسلے میں ایک تحریری شکایت موصول ہوئی جس پر پولیس نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے دونوں مغویہ بہنوں کوتلاش کرنے کی کارروائی شروع کی۔ پولیس نے مختلف ٹیموں کو تشکیل دے کر مغویہ بہنوں کو بازیاب کرنے کیلئے کارروائی عمل میں لائی ۔ اس دوران پولیس نے مختلف چھاپہ مار کارروائیوں میں 25افراد کو پوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لے لیاجس کے دوران اغواکار کے بارے میں پولیس کو مصدقہ جانکاری حاصل ہوئی ۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سرینگر سے دونوں مغویہ لڑکیوں کو برآمد کرکے اغواکار کو حوالات پہنچایا ۔سی این آئی کے مطابق پولیس نے اس سلسلے میں پولیس سٹیشن زینہ پورہ میں اغواکاری کا کیس درج کرلیا ہے ۔ اس معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے ایس ایس پی شوپیاں نے کہا ہے کہ ملزمان سے اس سلسلے میں پوچھ تاچھ کا عمل شروع کیا گیا ہے ۔

تازہ ترین