تازہ ترین

ہلکی برفباری و بارشوں سے ٹھنڈ بڑھ گئی

پیر پنچال کے آر پاربالائی علاقوں میں ہلکی برف باری

تاریخ    9 مارچ 2021 (00 : 01 AM)   


اشفاق سعید

۔ 11سے13مارچ تک ایک اور بارانی مرحلے کا امکان

 
سرینگر // محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق کچھ دن تک موسم خوشگوار رہنے کے بعد اتوار کی شام سے پیر پنچال کے آر پار میدانی علاقوں میں بارشیں اور بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی جس کے نتیجے میں ٹھنڈ میں اضافہ ہوا ۔ بارشوں کا سلسلہ سوموار کی شام تک جاری رہا ۔ محکمہ موسمیات نے نئی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وادی میں 10 مارچ تک موسم خشک البتہ ابرالود رہے گا تاہم 11سے13مارچ تک بارشوں کا ایک اور مرحلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔اس دوران وادی میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب سے ہی بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں جن کا سلسلہ وقفے وقفے سے دن بھر جاری رہا۔ وادی کے پیر پنچال اور خطہ چناب کی پہاڑیوں کے علاوہ  پیر کی گلی شوپیان ،سونہ مرگ ، گلمرگ ، پہلگام ، نستہ چھن گلی ، زیڈ گلی ، رازدان ٹاپ میں ہلکی برف باری ہوئی ۔بانڈی پورہ سے عازم جان کے مطابقسرحدی تحصیل گریز کے داور میں 8 انچ تازہ برف جمع ہوئی ہے ۔ تلیل میں ایک فٹ اور رازدان ٹاپ پر دوفٹ برف جمع ہوئی تھی ۔ کنگن سے غلام نبی رینہ کے مطابقسونہ مرگ، زوجیلا، دراس، گگن گیر اور اسکے مضافاتی علاقوں میں گزشتہ روز سے ہلکی برفباری اور بارشوں کا سلسلہ شروع جاری رہا۔ دراس میں3 انچ، زوجیلا 3 انچ، سونہ مرگ 2 انچ برفباری ہوئی جبکہ گگن گیر، گنڈ، کنگن، وسن علاقوں میں تیز بارشوں کا سلسلہ شام دیر گئے تک جاری تھا۔ اننت ناگ اور شوپیان اضلاع کے بالائی علاقہ جات سے تیز بارشوںکی اطلاع ملی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں دن بھر جاری رہیں۔پہلگام سے امر ناتھ گپھا کی طرف جانے والے راستے پر بھی تیز بارشیں ہوئیں جبکہ اوپری علاقوں میں کچھ ایک جگہوں پر ہلکی برفباری کی اطلاع ملی ہے۔بارہمولہ سے فیاض بخاری نے اطلاع دی ہے کہ ضلع کے میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئی جبکہ سیاحتی مقام گلمرگ، ٹنگمرگ ، کمڈوری ، افرواٹ اور حاجی بل کے اوپری پہاڑوں پر 4سے7انچ برف ریکارڈ کی گئی ۔سیاحتی مقام گلمرگ میں تازہ 7انچ برف جمع ہو گئی ہے ۔کپوارہ سے اشرف چراغ کے مطابق نستہ چھن گلی ، زیڈ گلی ، پھرکیاں ٹاپ سمیت بنگن وادی اور شمس بھری کے پہاڑیوں پر برف کی ہلکی پرت بچھ گئی۔مجموعی طور پر وادی کے کم و بیش تمام اضلاع اور قصبہ جات جن میں سرینگر کیساتھ ساتھ بارہمولہ، کپوارہ، بانڈی پورہ، سوپور، ٹنگمرگ، پٹن، بڈگام، بیروہ، خانصاحب، پلوامہ، پانپور، شوپیان، کولگام، اننت ناگ، مٹن، بجبہاڑہ قاضی گنڈ، ترال اور اونتی پورہ شامل ہیں، میں ہلکی سے درمیانہ اور بعض مقامات پر بھاری درجے کی بارشیں ہوئیں اور موسم میں اس تبدیلی کے پیش نظر درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ۔ ادھر بانہال سے محمد تسکین کے مطابق  پیر کی صبح سے ہی جواہر ٹنل، پیر پنجال اور بانہال کے مہو منگت اور دیگر اوپری پہاڑی علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی ۔پہاڑوں پر ہلکی ہلکی برفباری اور میدانی علاقوں میں وقفے وقفے کی بارشیں پیر کی شام تک جاری تھیں تاہم شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت بھی پیر کی شام سات بجے تک بنا کسی خلل کے جاری تھی ۔