تازہ ترین

شاہین آفریدی کے اہلِ خانہ نے میری بیٹی کے رشتے کیلئے رابطہ کیا ہے:شاہد آفریدی

تاریخ    9 مارچ 2021 (00 : 01 AM)   


لاہو/پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ کرکٹر شاہد خان آفریدی کی بیٹی اور پاکستانی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی منگنی اور رشتہ طے پا جانے سے متعلق خبریں سوشل میڈیا پر گردش کرنے کے بعد شاہد آفریدی کا بیان بھی سامنے آگیا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر یہ خبریں زیر گردش تھیں کہ شاہد آفریدی کی بیٹی کی منگنی، فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی سے ہوگئی۔سوشل میڈیا پر یہ افواہیں گردش کرنے کے بعد سے کہا جارہا تھا کہ دونوں کی منگنی انجام پاچکی ہے۔اور اب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹ میں شاہد آفریدی نے مذکورہ معاملے پر اپنا مؤقف جاری کردیا ہے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کے اہل ِخانہ نے میری بیٹی کے رشتے کے لئے میرے خاندان سے رابطہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں خاندان رابطے میں ہیں، جوڑے آسمانوں پر بنتے ہیں، اگر اللہ نے چاہا تو یہ رشتہ بھی بن جائے گا۔شاہد آفریدی نے مزید لکھا کہ میری دعائیں شاہین کے ساتھ ہیں کہ وہ میدان میں اور میدان سے باہر کامیاب ہوں۔دوسری جانب شاہین شاہ آفریدی نے شاہد آفریدی کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔شاہین شاہ آفریدی نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ 'الحمداللہ، دعاؤں کے لیے شکریہ لالہ۔دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ چیزوں کو سب کے لئے آسان بنائے، آپ قوم کا فخر ہیں۔ خیال رہے کہ پاکستان کے مقبول کرکٹر شاہد آفریدی نے نادیہ شاہد سے 21اکتوبر 2000کو شادی کی تھی۔شاہد اور نادیہ آفریدی کی 5بیٹیاں ہیں، ان کے ہاں گزشتہ برس فروری میں ہی پانچویں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام انہوں نے عروہ رکھا تھا۔ان کی پہلی چار بیٹیوں کے نام اقصیٰ، عنشہ، اجوا اور اسمارہ ہیں اور ان میں سے 2بیٹیوں کی عمر 15سال سے زائد ہے۔شاہین شاہ آفریدی کی عمر 20 برس ہے اور انہوں نے اپریل 2018 میں پاکستان کے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا۔
 
 

تازہ ترین