تازہ ترین

۔8 مارچ کو صرف چھٹی سے 8ویں تک بچے سکول جائیں گے

اول سے 5ویں تک 15مارچ کو درس و تدریس کا عمل شروع ہوگا

تاریخ    7 مارچ 2021 (00 : 01 AM)   


بلال فرقانی
 سرینگر//کوروناوائرس معاملات میں اچھال کو دیکھتے ہوئے صوبائی انتظامیہ نے 8مارچ سے پرائمری و مڈل کلاسز شروع کرنے کےلئے نیا شیڈول جاری کردیا ہے۔ ڈائریکٹر ایجوکیشن کشمیر کی جانب سے اس سلسلے میں ہفتہ کو ایک حکام نامہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ جموں کشمیر میں اسکولوں کو کھولنے سے متعلق انتظامی محکمہ کی جانب سے22فروری کو جو حکم نامہ جاری ہوا ہے،اس کے پس منظر میں سرکاری تعلیمی ادارے اور حکومت کی جانب سے تسلیم شدہ نجی اسکول درس و تدریس کیلئے مرحلہ وار بنیادوں پر کھول دئیے جائیں گے۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ صوبہ کشمیر میں چھٹی سے 8 ویں جماعت تک کے طلاب کیلئے8مارچ سے اسکولوں کو کھول دیا جائے گا،جبکہ اول تا5ویں جماعت تک کے بچوںکےلئے15مارچ سے اسکولوں میں درس و تدریس کا سلسلہ شروع ہوگا۔اس سے قبل حکومت نے یکم مارچ سے نویں سے بارہویں جماعت تک طلباءوطالبات کیلئے اسکول کھولے جبکہ اس سے قبل فروری کے وسط میںکالجوں میں درس و تدریس کا سلسلہ شروع ہوا۔وادی میں گزشتہ19ماہ سے تعلیمی ادارے درس و تدریس کیلئے مقفل رہے۔محکمہ اسکولی تعلیم نے بتایاکہ تازہ فیصلہ چند اضلاع کے بعض اسکولوں میں اساتذہ کا کارونا ٹیسٹ مثبت آنے کے پیش نظر لیا گیا ہے۔انہوں نے بتایاکہ نرسری تامڈل سطح تک اسکولوں کوکھلا رکھنا اسبات پرمنحصر ہوگا کہ آنے والے دنوںمیں تعلیمی اداروں کے اندر کیاصورتحال رہتی ہے۔