تازہ ترین

پونچھ میں سینکڑو ں ہینڈ پمپ ناکارہ

تاریخ    3 مارچ 2021 (00 : 01 AM)   


جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر اور ضلع پونچھ کے مختلف علاقہ جات میں سینکڑوں کی تعداد میں ہینڈ پمپ ناکارہ بنے ہوئے ہیں جس سے نہ صرف عوام کو پانی کے بحران کاسامناہے بلکہ محکمہ کی طرف سے خرچ کئے گئے لاکھوں روپے بھی ضائع ہورہے ہیں۔کئی لوگوں نے اس سلسلے میں بات کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ موسم میں پانی کی شدید قلت پیدا ہونے جارہی ہے اور اگر ان خراب پڑے ہینڈ پمپوں کو ٹھیک نہ کیاگیاتو بحرانی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہر سال موسم گرما میں پانی کی ہاہاکار مچی ہوتی ہے اور لوگوں اور خواتین کو کئی کئی کلو میٹر دور سے پانی لاناپڑتاہے لیکن متعلقہ حکام خواب غفلت میں سورہے ہیں جن سے یہ خراب پڑے ہینڈ پمپ ٹھیک بھی نہیں ہورہے۔ان کاکہناہے کہ لاکھوں روپے خرچ کرکے حکام نے یہ ہینڈ پمپ بنائے تھے جنہیں ایسے ہی چھوڑ دیاگیاہے جس سے لوگوں کو کوئی فائدہ نہیں پہنچ پایا۔ان کاکہناہے کہ جب ان کی مرمت کیلئے حکام سے رجوع کیاجائے تو کہاجاتاہے کہ ڈپٹی کمشنر کے پاس جائیں اورجب وہاں پہنچتے ہیں تو کہاجاتاہے کہ گرائونڈ واٹر والے اس معاملے کو دیکھیں گے لیکن کسی کی طرف سے کوئی اقدام نہیں کیاجاتا اور دن بدن پانی کی سپلائی کا نظام خراب سے خراب تر ہوتاجارہاہے۔انہوں نے حکام سے اپیل کی کہ خراب پڑے تمام ہینڈ پمپوں کو ٹھیک کیاجائے اور انہیں اس قابل بنایاجائے کہ عوام کو سال بھر پانی ملتارہے۔
 

تازہ ترین