تازہ ترین

جلداسمبلی انتخابات کرائے جائیں

جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال کیاجائے:چوہدری ذوالفقار علی

تاریخ    3 مارچ 2021 (00 : 01 AM)   


بدھل(راجوری) //اپنی پارٹی نائب صدر چوہدری ذوالفقار علی نے جلد اسمبلی انتخابات کرانے اور جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بدھل کے گاؤں ترگانی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری ذوالفقار علی نے کہاکہ جموں وکشمیر کے لوگوں کی حکومت میں کوئی نمائندگی نہیں جوکہ عوامی نمائندگان کو اعتماد میں لئے بغیر کام کر رہی ہے۔ بیروکریسی کے آمرانہ رویہ سے عوامی نمائندگان اور عوام اُکتا چکی ہے۔ انہوں نے کہا’’حکومت اور اِس کی پالیسیوں کے تئیں لوگوں میں اعلیحدگی پن کا احساس ہے، یہ صورتحال جموں وکشمیر میں جلد اسمبلی انتخابات کرانے کا تقاضا کر رہی ہے تاکہ موجودہ انتظامی نظام کو منتخبہ حکومت کے ساتھ تبدیل کیاجائے‘‘۔ انہوں نے مزید کہاکہ ترقیاتی کام سست روی کا شکار ہیں ۔ کاموں کی تاخیر کے حوالہ سے حکام میں کوئی جوابدہی نہیں نتیجہ کے طور عوام کو متاثر ہونا پڑتا ہے۔ چوہدری ذوالفقار نے کہا’’منتخب حکومت عوام کے ساتھ جوابدہ ہوتی ہے تاہم بابو ؤں کو ذمہ داری کا احساس ہی نہیں، موجودہ صورتحال کے اندر حکام اضافی چارج کے ساتھ انتظامیہ چلا رہے ہیں اور انتظامیہ میں کمی کو بیرون ِ جموں وکشمیر سے افسران کو لاکر پورا کیاجارہا ہے لیکن وہ لوگوں کے اعتماد کو جیتنے کے قابل نہیں ہوں گے‘‘۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ بلاتاخیر اسمبلی انتخابات کرانے چاہئے، سابقہ وزیر چوہدری ذوالفقار علی نے کہاکہ لوگ چاہتے ہیں کہ جتنا جلدی ممکن ہوسکے ریاستی درجہ بحال کیاجائے۔
 

تازہ ترین