تازہ ترین

حالات ٹھیک ہونے کے دعوے سراسرجھوٹ : ڈاکٹر فاروق

کہا امن کیلئے پاکستان سے بات چیت شروع کی جائے

تاریخ    23 فروری 2021 (00 : 01 AM)   


سرینگر//مرکزی حکومت کو چاہئے کہ وہ پاکستان کیساتھ بات چیت کا سلسلہ شروع کریںتاکہ خطے میں امن و امان کا ماحول قائم ہوسکے۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جموں میں رگھوناتھ بازار کے دورے کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کیساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ دورے کے انہوں نے لوگوں کے ساتھ بات کی اورانہیں درپیش مسائل و مشکلات سے بھی آگہی حاصل کی۔ اُن کے ہمراہ صدرِ صوبہ جموں دیوندر سنگھ رانا، سینئر لیڈران ایس ایس سلاتیہ اور سجاد شاہین بھی تھے۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے سوالات کے جوا ب دیتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جو لوگ اس بات کے دعوے کررہے ہیں کہ حالات بالکل ٹھیک ہیں اور ملی ٹنسی ختم ہوگئی ہے وہ سراسر جھوٹ بول رہے ہیں، ملی ٹنسی اس وقت بھی موجود ہے اور یہی سچ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں اس کا خاتمہ کرنا ہے تو اس کیلئے ضروری ہے کہ ہم اپنے پڑوسیوں کیساتھ بات کریں۔ڈاکٹر فاروق نے مزیدکہا کہ’’ مجھے شری اٹل بہاری واجپائی کے وہ ریمارکس یاد ہیں جن میں انہوں نے کہا تھا کہ ’’دوست تبدیل کئے جاسکتے ہیں لیکن پڑوسی نہیں‘‘، اس لئے میں مرکزی حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ پاکستان کیساتھ مذاکرات کا سلسلہ شروع کریں اور ٹھیک اُسی طرح مسائل کا حل تلاش کریں جس طرح سے چین کیساتھ سرحد پر فوجیوں کی واپسی کیلئے بات چیت کی گئی‘‘۔