نوکریوں کے جعلی آرڈر دینے والا نیٹ ورک بے نقاب

تاریخ    23 فروری 2021 (00 : 01 AM)   


بارہمولہ/فیاض بخاری/ بارہمولہ پولیس نے لوگوں کو فراڈ طریقے سے نوکریوں کا جھانسہ دینے اور ان سے بھاری رقوم بٹورنے میں ملوث ریلوے پروٹیکشن فورس کے2 کانسٹیبلوں سمیت5 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ بارہمولہ پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک مخصوص اطلاع  ملنے پر پولیس تھانہ بارہمولہ کی ایک ٹیم نے5 افراد حفیظ اللہ لون ولد غلام حسن لون  اور اطہرالاسلام ولد عبدالصمد لون ساکنان دیور لولاب،عاشق حسین نائیک ولد غلام نبی نائیک ساکن کرالہ گنڈ قاضی گنڈ ، اعجاز احمد لون ولد عبدالغنی لون ساکن تجر شریف سوپور اور عبدالرشید وانی ولد عبدالعزیز وانی ساکن ناگہ بل کھاگ بیروہ کو جعلی اور نقلی دستخط شدہ دستا ویزات سمیت گرفتار کرلیا ۔پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر 17/2021زیر دفعات 420،467،468،471 آئی پی سی درج کرکے مذید تحقیقات شروع کردی ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ یہ گروہ ، جس کیساتھ ریلوے پروٹیکشن فورس کے 2اہلکار بھی شامل تھے،سرینگر ، بڈگام اور بارہمولہ اضلاع میں سرکاری نوکریاں دینے کا ایک جعلی نیٹ ورک چلا رہے تھے اور اب تک انہوں نے کئی لوگوںکو دھوکہ دیکربھاری رقومات بٹورلی ہیں۔ تفتیش کے دوران ملزماں کے قبضے سے تین جعلی آرڈر بھی ضبط کرلئے گئے ۔ پولیس کے مطابق معاملے میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں ۔
 

تازہ ترین