۔58نئے کورونا کیس درج| 14مسافر بھی شامل

تاریخ    23 فروری 2021 (00 : 01 AM)   


پرویز احمد
سرینگر //جموں و کشمیر میں پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے20ہزار 49ٹیسٹ کئے گئے جن میں 58افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں تاہم اس دوران کسی کی موت نہیں ہوئی۔ بیرون ریاستوں اور ممالک سے آنے والے افراد کیلئے کورونا وائرس کی تشخیص لازمی قرار دی گئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر میں  22فروری پیر کو 58افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں جن میں 47کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں، ان میں 33مقامی سطح اور 14بیرون ریاستوں و ممالک میں متاثر ہو کر آئے۔ سرینگر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 26794ہوگئی ہے جن میں سے 26011صحتیاب جبکہ 461فوت ہوئے ہیں اور 322ابھی زیر علاج ہے۔ بارہمولہ ضلع میں 15افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں ان میں 2سفر کرنے کے بعد واپس وادی لوٹے ہیں جبکہ 13مقامی سطح پر متاثر ہوئے ہیں۔بڈگام ، پلوامہ، بانڈی پورہ، گاندربل میں کوئی سفر سے واپس لوٹنے والا مثبت قرار نہیں دیا گیا۔کپوارہ ضلع میں ایک شخص کی رپورٹ مثبت آئی جو بیرون ریاست سے سفر کرکے  لوٹا ہے ۔ اننت ناگ ضلع میں5افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں اور ان میں بھی 2افراد بیرون ریاستوں سے واپس لوٹے ہیں۔کولگام میں ایک شخص کی رپورٹ مثبت آئی جو مقامی سطح پر متاثر ہوا ہے۔ شوپیان ضلع میں بھی مقامی سطح پر ایک شخص متاثر ہوا ۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر میں پچھلے8دنوں کے دوران 584افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں جن میں 470کا تعلق کشمیر سے ہے۔ ان 470افراد میں 277مقامی سطح پر متاثر ہوئے ہیں جبکہ 196افراد بیرون ریاستوں اور ممالک  میں متاثر ہونے کے بعد کشمیر لوٹے ہیں۔ ان 8دنوں کے دوران کشمیر صوبے میں 3افراد فوت ہوئے۔ اور یہاں متوفین کی تعداد 1229بنی ہوئی ہے جبکہ مجموعی طور پر 1954افراد فوت ہوئے ہیں۔ ادھر جموں صوبے میں ابتک مجموعی طور پر 51ہزار869افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 50ہزار 978صحتیاب ،725فوت اور 106ابھی زیر علاج ہیں۔ 
 

تازہ ترین