تازہ ترین

۔7روز میں سرینگر وارد 142 مسافر مثبت

جنوری میں صرف 6اموات ،فروری کے 18روز میں پانچ

تاریخ    22 فروری 2021 (00 : 01 AM)   


پرویز احمد
سرینگر //جموں و کشمیر میں پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 25ہزار 203 ٹیسٹ کئے گئے جن میں84افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں، تاہم  اس دوران کسی کی موت واقع نہیں ہوئی۔بیرون ریاستوں و ممالک سے آنے والے مسافروں کے ٹیسٹ مثبت آنے کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر سرینگر بین الاقوامی ائر پورٹ پر ہر آنے والے کا ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا۔سرکاری اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ 18فروری کو کل 48کیسوں میں 34سفر کرنے والے تھے۔17فروری کو کل 42معاملات میں 27سفر سے واپس آنے والے تھے۔ 16فروری کو  کل 33کیسوں میں 15سفر سے واپس آنے والے تھے۔15فروری کو 35افراد  کے ٹیسٹ مثبت آئے جن میں  16سفر سے واپس آئے تھے۔14فروری کو37مثبت قرار دیئے گئے۔ جن میں 26سفر کرنے والے تھے۔ 13فروری کو 27کیسوں میں 13نے سفر کیا تھا۔12فروری کو 26کیس سامنے آئے جن میں 11نے سفر کر کے واپسی کی تھی۔ اس طرح ایک ہفتے میں کل 248مثبت معاملات میں 142 شہری سفر کر کے واپس آئے تھے جبکہ مقامی طور پر مثبت آنے والوں کی تعداد صرف106تھی۔ ضلع مجسٹریٹ سرینگر کے ایک خط کے مطابق  ، جس پر 19فروری کی تاریخ درج ہے ، میں کہا گیا ہے کہ پچھلے 3روز میں 76سفر کرنے والے مثبت قرار پائے جبکہ اس دوران  47مقامی لوگ درج ہوئے۔اس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جنوری کے مہینے میں کورونا سے صرف  6اموات واقع ہوئیں جبکہ 18فروری تک پہلے ہی 5لوگوں وائرس سے فوت ہوچکے ہیں۔خط میں کہا گیا ہے کہ متذکرہ بالا اعادوشمار سے صاف طور پر یہ بات عیاں ہورہی ہے کہ باہر سے آنے والوں کیساتھ وائرس وادی میں داخل ہورہا ہے  جس پر فوری طور روک لگانے کی ضرورت ہے۔یاد رہے کہ جموں کشمیر میںمتاثرین کی مجموعی تعداد 125867 ہے۔ ان میں 51ہزار 858جموں جبکہ کشمیر میں یہ تعداد 74ہزار کا ہندسہ پار کرکے 74009ہوگئی ہے۔ اتوار کو جموں و کشمیر میں کوئی بھی شخص کورونا وائرس سے فوت نہیں ہوا ۔ متوفین کی مجموعی تعداد 1954ہوگئی ہے جن میں 1229 کشمیر جبکہ 725جموں صوبے سے تعلق رکھتا ہے۔ نئے 84معاملات میں 16جموں جبکہ 68کشمیر میں سامنے آئے ہیں۔ کشمیر میں سامنے آنے والے 68معاملات میں سب سے زیادہ  35سرینگر میں سامنے آئے ہیں۔ بارہمولہ ضلع میں13افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں۔ بڈگام ضلع میں سنیچر کو مزید7افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں۔ پلوامہ ضلع میں6افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں۔ کپوارہ میںکسی کی نہیں، اننت ناگ میں5کی اور بانڈی پورہ و گاندربل میںکسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی۔ کولگام میں1 ، شوپیان میں1شخص کی رپورٹ مثبت آئی۔ جموں صوبے میں 16افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں۔ ان میں سے 11کا تعلق ضلع جموں سے ہے۔