تازہ ترین

افسانچے

تاریخ    21 فروری 2021 (00 : 01 AM)   


خالد بشیر تلگامی

آہ

ایک ہفتے کی چھٹی کے بعد جب افسر ڈیوٹی پر پہنچا تو  چپراسی کو اپنے کیبن میں بلا کرکہا۔
"بھائی ذرا ہیڈ اسسٹنٹ کو بلاؤ۔"
"صاحب جی۔۔۔ آج وہ آفس نہیں آیا ہے۔۔۔۔۔آج اس کو  ایوارڈ ملنے والا ہے نا۔"چپراسی نے فوراً جواب دیا۔
"ارے بھائی،کون سا ایوارڈ؟" افسر نے حیرانی سے پوچھا۔
"صاحب جی۔۔۔جب آپ چھٹی پر گئے تھے تو اگلے روز ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر سے ایک آڈر آیا تھا،جس میں لکھا تھا کہ اپنے زون میں کسی ایمان دار اور محنتی ملازم کا نام  تجویز کریں۔"
"ارے !... اس کے اصلی حق دار تو آپ تھے،...پھر یہ کیسے ہوا؟" افسر کے لہجے میں استعجاب تھا۔
"صاحب جی۔۔۔ حقدار کو حق کب ملا ہے کہ اب ملے گا۔"چپراسی نے دل سوز لہجے میں جواب دیا۔
"نہیں ملے گا؟.... دیکھئے گا میں آپ کے لئے کیا کرتا ہوں۔" افسر نے پر جوش لہجے میں کہا۔
"صاحب جی اب کچھ نہیں ہو گا۔" 
"کیوں نہیں ہوگا؟" چپراسی نے ملول ہو کر کہا ۔"کیونکہ نامزدگی کے پیپر پر آپ ہی کی مہر لگائی گئی ہے جسے آپ یہیں چھوڑ کر چلے گئے تھے۔"
 

باپ بیٹا

اس کی ماں کا انتقال بچپن میں ہی ہو گیا تھا۔  باپ نے ہی اُسے پال پوس کر بڑا کیا تھا اور اعلیٰ تعلیم کے لئے شہر بھیج دیا تھا۔ اب وہ شہر کا ہی ہو کر رہ گیا تھا۔ اپنی مرضی کی شادی اور بال بچوں میں مست تھا جبکہ باپ عمر کے آخری پڑاؤ پر بستر مرگ پر تھا۔ لیکن اسے اسکی کوئی پرواہ نہیں تھی۔ معمول کے مطابق وہ عید کے دن اپنے محل نما گھر سے عالیشان کار میں سوار ہو کر گاوں اپنے گھر پہنچا۔پہلے نہایت ہی پیشہ ورانہ انداز سے حویلی کا معائینہ کیاپھر باپ کے کمرے میں داخل ہوا۔
باپ نے جب اُسے دیکھا تو اسکا ہاتھ بے اختیار تکیہ کے نیچے چلا گیا۔ پھر کچھ سوچ کر فوراً ہاتھ باہر نکال لیا۔ بیٹے کی پارکھی نگاہوں سے یہ بات چھپی نہ رہ سکی۔
"کیا بات ہے پاپا، آپ کچھ نکال رہے تھے"
"نہیں.. وہ... وہ.. کچھ نہیں....!!!!
لیکن بیٹا نہیں مانا۔ تکیہ کے نیچے ہاتھ ڈالا تو ایک لفافہ دیکھا، جس میں ڈاکٹر کی فیس.... میڈیکل اسٹور اور بجلی کے بل، جائیداد کے ٹیکس ادائیگی کے لئے نوٹس.......
بیٹے نے ایک لمبی مدت کے بعد باپ کی طرف پیار بھری نظروں سے دیکھا اور پانچ ہزار کی رقم اپنے باپ کے ہتھیلی پر رکھ دی۔
"پاپا... بیٹا جب چھوٹا ہوتا ہے تو باپ سے عیدی پاتا ہے لیکن جب وہ بڑا ہو جاتا ہے تو وہ باپ کو عیدی دیتا ہے"
 خلاف معمول آج باپ کی آنکھوں سے نکلنے والے آنسو خوشی کے تھے!!!
 
تلگام پٹن،  موبائل نمبر9797711122
 

 

تازہ ترین