تازہ ترین

اگہانجی پورہ اونتی پورہ میں بنیادی سہولیات کا فقدان

تاریخ    8 فروری 2021 (00 : 12 AM)   


سید اعجاز
اونتی پورہ//جنوبی قصبہ اونتہ پورہ کا ’اگہانجی پورہ‘میں بنیادی سہولیات کے فقدان کی وجہ سے طرح طرح کے مسائل کا سامنا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ گاؤں میں آج بھی سڑک، بجلی، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات میسر نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو طرح طرح کے مشکلات درپیش ہیں بلکہ یوں کہا جائے کہ یہ گائوںانتظامیہ کی نظروں سے اوجھل ہے۔علاقے میں پینے کے پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے لوگ مضر صحت پانی استعمال کرنے پر مجبور رہیں ۔ مقامی لوگوں نے بتایا ’’ہم اونتی پورہ میں جہلم کے اُس پار رہتے ہیں اور ہمیںروزانہ کشتیوں پر سوار ہو کر زندگی کے اس سفر کو جاری رکھنا پڑتا ہے ‘‘۔قابل ذکر ہے کہ اس گائوں کے بچے بنیادی تعلیم حاصل کرنے کے بعددوسرے گائوں میں حصول تعلیم کیلئے جانا پڑتا ہے تاہم دریائے جہلم میں پانی کی سطح بڑنے کے دوران بچوں کو مجبوراً گھروں میں ہی رہنا پڑ تا ہے۔ لوگوں کا خیال ہے کہ اسی وجہ سے گائوں میںخواندگی کی شرح بہت کم ہے ۔ریاض احمد نامی ایک شہری نے بتایا کہ ان کا گاؤں سرکار کی نظروں سے اوجھل ہے اور انہیں خدا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ گائوں میں بجلی کی صورتحال بھی کچھ ٹھیک نہیں ہے ۔میمونہ نامی ایک خاتون نے کہا کہ ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بار بار اونتی پورہ آتے ہیں لیکن اس گاؤں کی آبادی کو درپیش مسائل جاننے کی کبھی کوشش نہیں کی جاتی ہے۔غلام محمد ڈار نے بتایا کہ گائوں میں ایک پرائمری سکول قائم ہے جس کا درجہ دہائیوں سے نہیں بڑھایا گیا اور نتیجے کے طور پر گاؤں میں خواندگی کی شرح بہت کم ہے۔لوگوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے ذاتی مداخلت کی اپیل کی ہے۔