تازہ ترین

جموں اور سرینگر شہروں کیلئے صفائی اتھارٹیوں کے قیام کو منظوری

تاریخ    6 فروری 2021 (00 : 01 AM)   


جموں//جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ نے جموں اور سرینگر شہروں میں ذمہ دارصفائی ستھرائی اتھارٹی کے قیام کو منظوری دی۔جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کے حکم میں لکھا ہے کہ حکومت ہند کی وزارت مکانات وشہری امور کے ’صفائی متراسرکھشاچیلنج ‘کے تحت ڈپٹی کمشنر جموں کو جموں شہر کیلئے ذمہ دارصفائی ستھرائی اتھارٹی اورڈپٹی کمشنر سرینگر کوسرینگرشہر کیلئے ذمہ دار صفائی ستھرائی اتھارٹی نامزد کرنے کومنظوری دی جاتی ہے ۔حکم میں کہاگیا ہے کہ جموں میونسپل کارپوریشن اور سرینگرمیونسپل کارپوریشن ہنگامی صفائی ستھرائی یونٹوں کے ارکان کو نامزد کریں گی جوذمہ دار صفائی ستھرائی اتھارٹی کے ماتحت کام کریں گے۔حکم کے مطابق  ہنگامی صفائی ستھرائی یونٹ گندے پانی کی نالیوں اور گندگی کی ٹینکوں کوصاف رکھنے اور ان کے رکھ رکھائوکیلئے پیشہ ور ،تربیت یافتہ اورمناسب طور آلات سے لیس افرادی قوت کو فراہم کرنے کے ذمہ دار ہوں گے ۔ ہنگامی صفائی ستھرائی یونٹ ورکروں کے بغیرذاتی حفاظتی آلات اورحفاظتی پروٹوکول کے گندی نالیوں اور گندگی سے بھرے ٹینکوں میں جانے کے دوران حادثات اوراموات کو کم کرنے کیلئے بھی کام کریں گے۔