دارالحکومت نئی دہلی میں منعقدہ تقریب

لداخ کی جھانکی پہلی بار پیش، جموں و کشمیر کی پہلی بار غائب

تاریخ    27 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
نئی دہلی//دارالحکومت نئی دہلی میں منعقد26جنوری کی تقریب کے دوران پہلی بار جموں کشمیر کی جھانکی نہیں دیکھی گئی، جبکہ لداخ کی جھانکی پہلی بار الگ سے دیکھی گئی۔ عمومی طور پر ہر سال کی جھانکی میں جموں ،کشمیر اور لداخ کے تینوں خطوں کی عکاسی ہوتی تھی۔ لداخ کی جھانکی میں لیہہ میں واقع تھیکسی مانیسٹری کی جھلک دیکھی گئی۔ یہ مانسٹری خطے میں مذہبی سیاحت کا بڑا مرکز مانا جاتا ہے۔یوم جمہوریہ کی اس تقریب میں 32 جھانکیاں دیکھنے کو ملیں۔ ان میں سے 17مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں کی تھیں۔ تاہم جموں کشمیر کی جھانکی تاریخ میں پہلی بار پریڈ سے غائب تھی۔ مرکزی سرکار کے حکام کا کہنا ہے کہ اس بار ہونے والی تقریب میں کافی تبدیلی کرنا پڑی۔انکا کہنا تھا کہ اس بار گجرات، آسام، تامل ناڈو، پنجاب، مغربی بنگال، مہاراسٹرا، منی پور، آندھرا پردیش، کیرلا، اتر پردیش، لداخ، دہلی اور کچھ دیگر ریاستوں کی جھانکی ہی تھیں۔ تلنگانہ اور اڑیسہ کی جھانکیاںبھی نہیں تھیں۔ عالمی وبا ء کے خلاف احتیاط برتنا تھا، اسی لئے جھانکیوں کی تعداد کم کی گئی۔ صرف ان ریاستوں کا انتخاب کیا گیا جو بھارت کے چاروں اطراف کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھاکہ لداخ کا انتخاب اسی لئے ہوا کیونکہ وہ بھارت کی شمالی سرحد سے ہوتے ہوئے گزرتی ہے۔
 

تازہ ترین