تازہ ترین

کسانوں نے لال قلعہ پر اپنا جھنڈا لہرایا

تاریخ    26 جنوری 2021 (28 : 04 PM)   


یو این آئی
نئی دہلی//کسانوں کی ٹریکٹر ریلی کے دوران مکربا چوک، ٹرانسپورٹ نگر، آئی ٹی او اوراکشردھام سمیت دیگرمقامات پر ہوئے تصادم کے درمیان کسانوں کا ایک جتھا لال قلعہ احاطے میں پہنچ کر کسانوں کا جھنڈا لہرادیا ہے۔
آئی ٹی او پر ٹکراو کے دوران بڑی تعداد میں کسانوں نے لال قلعہ احاطہ میں داخل ہوکر اپنا جھنڈا لہرادیا۔ پندرہ اگست کو جس مقام پر جھنڈا لہرایا جاتا ہے اس کے پاس ہی کسانوں نے اپنا پرچم لگادیا۔
سنگھو بارڈر سے بیریکیٹ توڑ کر آگے بڑھے کسانوں کا ٹرانسپورٹ نگر اور مکربا چوک پر ٹکراوکے بعد آئی ٹی او پر زبردست تصادم ہوا۔ پولیس نے کسانوں کی بھیڑ کو انڈیا گیٹ کی طرف بڑھنے سے روکنے کے لئے آنسو گیس کے گولے داغے اورلاٹھی چارج کیا۔ آئی ٹی او پر شدید ٹکراو میں کئی کسانوں کے ساتھ پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔ فی الحال آئی ٹی او پر صورت حال قابو میں ہے۔
کسان مظاہرے کے پیش نظر سمئے پوربادلی، حیدرپور بادلی جہانگیر پوری، آدرش نگر، آزاد پور، جی ٹی بی اسٹیشن، ماڈل ٹاون وشوودیالیہ، ودھان سبھا، آئی ٹی او سمیت متعدد ریلوے اسٹیشنوں کو بندکردیا گیا ہے۔