تازہ ترین

کسانوں کی ٹریکٹر ریلی دہلی میں داخل، پولیس کے ساتھ تصادم آرائیاں

تاریخ    26 جنوری 2021 (17 : 04 PM)   


یو این آئی
نئی دہلی// مرکزی حکومت کے تین زرعی قوانین کے خلاف تحریک چلانے والے کسان ٹریکٹر ریلی کے ساتھ زبردستی آئی ٹی او پہنچ گئے جہاں پر ان کے اور پولیس کے درمیان زبردست تصادم ہوااور پولیس نے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے گولے داغے۔
اس سے پہلے کسان سنگھو بارڈر،غازی پور بارڈر سمیت کئی بارڈر پر بیریکیڈ توڑ کر دہلی میں گھسے۔اس دوران مکربا چوک،ٹرانسپورٹ نگر،نوئیڈا موڑ،اکشر دھام پر ان پولیس کے ساتھ تصادم ہوا۔ مظاہرین کو روکنے کےلئے پولیس نے آنسو گیس کے گولے داغے اور لاٹھیاں چلائیں لیکن کسان تصادم کے ساتھ آگے بڑھتے گئے۔آئی ٹی او کے پاس بڑی تعداد میں کسان ٹریکٹر کے ساتھ جمع ہوکر انڈیا گیٹ کی طرف بڑھنے لگے۔ پولیس نے مظاہرین کو روکنے کی کوشش کی لیکن وہ نہیں رکے۔ انہیں روکنے کےلئے پولیس نے لاٹھی چارج کی اور آنسو گیس کے گولے چھوڑے۔
دہلی کے الگ علاقوں سے وسطی دہلی کی طرف کسان مسلسل ٹریکٹر کے ساتھ بڑھ رہے ہیں۔
سنگھو بارڈر سے نکلے کسانوں کے جتھے اور پولیس کے درمیان مکربار چوک پر تصاد ہوا ہے۔کسانوں کا ٹریکٹر مارچ مکربا چوک سے کنجھاولا جانے والا تھا،لیکن عین موقع پر کسانوں نے اپنا روٹ بدل دیا۔ وہ آو¿ٹر رنگ روڈ کی طرف بڑھ گئے۔اس دوران کسانوں اور پولیس کے درمیان تصادم ہوا، جس میں کئی کسان اور پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔نوئیڈا موڑ پر کسانوں اور پولیس کے درمیان تصادم ہوا ہے۔ اکشردھام میں کسان بیریکیڈ توڑ کر سرائے کالے خان کی طرف بڑھ گئے ہیں۔