تازہ ترین

مزید خبریں

تاریخ    26 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   


یاری پورہ کولگام میں گرینیڈ دھماکہ

نیوز ڈیسک
کولگام //یاری پورہ کولگام میں سیکورٹی فورسز پر گرینیڈ پھینکا گیا تاہم کوئی نْصان نہیں ہوا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ شام دیر گئے قریب 8بجے  یاری پورہ کولگام میں سیکورٹی فورسز کیمپ پر مشتبہ جنگجوئوں نے ایک رائفل گرینیڈ داغا جو نشانہ چوک کر سڑک پر زوردار دھماکہ سے پھٹ گیا۔ اس موقعہ پر گرودونواح کی آبادی سہم کر رہ گئی۔ تاہم دھماکے سے کوئی نقصان نہیں ہوا۔ بعد میں آس پاس علاقوں میں فورسز نے گشت کیا اور کچھ مکانوں کی تلقاشی لی۔
 

حرکت قلب بند ہونے سی آر پی ایف اہلکار فوت  

سرینگر//ارشاد احمد//میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ میں زیر علاج سی آر پی ایف اہلکار حرکت قلب بند ہونے سے مرگیا۔ بڈگام میں تعینات سی آر پی ایف 86بٹالین سی کمپنی سے وابستہ 53 سالہ جینت پرتہار ولد سدھیر پرتہار ساکنہ مغربی بنگال ،جو سرجیکل وارڑ میں میں زیر علاج تھا ، پیر کو حرکت قلب بند ہونے سے فوت ہوگیا۔ قانونی لوازمات مکمل کرکے لاش مردہ گھر میں رکھ دی گئی تاکہ منگل وار کو گھر روانہ کردی جائے۔
 

 چند زمرے کی گاڑیوں کو سڑک اور ٹوکن ٹیکس سے مستثنیٰ 

جموں //حکومت نے چند زمروں کی گاڑیوں کو جموں کشمیر یونین ٹیر ٹری کی سڑکوں کو استعمال کرنے پر عائد سڑک /ٹوکن ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے کے احکامات صادر کئے ہیں ۔ اس ضمن میں آج یہاں جاری ایک نوٹیفکیشن کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ نے جموں کشمیر موٹر وہیکل ٹیکزیشن ایکٹ 1957 کی سیکشن 9 کے تحت حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے اور اس قبل جاری کی گئی نوٹیفکیشن کی جزوی ترمیم اور اس ضمن میں وقتاً فوقتاً کئے گئے دیگر ترامیم کے تحت زرعی ٹریکٹروں اور پاور ٹلروں جن کے انجن کی 3000 سی سی صلاحیت ہو ، تمام الیکٹرک گاڑیاں اور جسمانی طور معذور افراد کیلئے ٹرائی سائیکلوں کو سڑک /ٹوکن ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا ہے ۔  
 
 
 

بانہال میں فوتیدہ 2نوجوان پیوند خاک

کرالہ پورہ کپوارہ میں کہرام 

کپوارہ//اشرف چراغ //بانہال میں کپوارہ کے فوت ہوئے 2شہریو ں کی میت آ بائی گائو ں کرالہ پورہ لائی گئی اور وہاں کہرام مچ گیا ۔بانہال میں ماجد گلزار میر اور شبیر احمد میر بھاری برف باری کی وجہ سے شاہراہ بند ہونے کے نتیجے میں بانہال میں ریلوے اسٹیشن کے نزدیک اپنی ٹا ٹا موبائل گا ڑی میں سو گئے اوراتوار کی صبح دونو ں کو مردہ حالت میں پایا گیا اور پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی مرنے کی وجہ معلوم ہوجائیگی۔ دونوں نوجوانوں کی میت پیر کی صبح کرالہ پورہ پہنچائی گئی جس کے بعد وہاں کہرام مچ گیا اور خواتین سینہ کوبی کرتی ہوئیںگھرو ں سے باہر آئیں ۔دونوں نوجوانوں کی نماز جنازہ میں ہزارو ں لوگو ں نے شرکت کی اور پر نم آنکھو ں سے سپرد خاک کیا گیا ۔اس دوروان انسانی حقوق کے کارکن راسخ رسول نے نیشنل ہیومین رائٹس کمیشن دلی میں ایک عرضی دائر کی جس میں کہا گیا ہے کہ شاہراہ بند ہونے کے بعد درماندہ مسافرو ں کے رہنے کے لئے کوئی بھی انتظام نہیں ہوتا ہے اور اسی  وجہ سے کرالہ پورہ کے دو نوجوان کی موت واقع ہوئی ۔انہو ں نے عرضی میں لکھا کہ واقعہ کی تحقیقات عمل میں لائی جائے ۔
 
 

یوم جمہوریہ

۔ 14افراد انعامات کیلئے نامزد

سرینگر //عمومی انتظامی محکمہ (جی اے ڈی) نے یوم جمہوریہ کے موقع پر جموں و کشمیر کے سرکاری شعبوں میں شاندار کارکردگی اور کارناموں کیلئے 14افراد کیلئے ایوارڈ 2021منظور کیا ہے اور ان افراد میں ایک اداکار بھی شامل ہے ۔ جی اے ڈی نے ادب کے میدان میں کامیابی کیلئے 51000 روپے نقد ایوارڈ ، 10000 روپے مالیت کی ایک شال اور شاعر رفیق راز کو ایک تحسین کی منظوری دی ہے۔51000روپے کا اعزار اور تمغہ اداکارآنجہانی شادی لال کول کے حق میں دیا گیا ہے ۔آرٹس اور دستکاری میں عمدہ کارکردگی کیلئے سجاد حسین ڈار کو 51000 روپے نقد ، تمغہ اور تعریفی اعزاز ملے گا۔گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر کے پروفیسر اور ہیڈ پلمونری میڈیسن ڈاکٹر نوید نذیر ، میڈیکل آفیسر نیشنل ہیلتھ مشن ڈاکٹر اے ڈی ایس منہاس ، سینئر اسٹاف نرس ، گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کانتا دیوی اور محکمہ صحت اور میڈیکل ایجوکیشن کو بھی 51000 روپئے نقد ایوارڈ ایک تمغہ اور دیا جائے گا ۔مصنف پروفیسر شیو دت نرموہی کو لائف ٹائم اچیومنٹ کیلئے 1لاکھ کا انعام ،تمغہ اور توصیفی اعزاز سے نوازا جائے گا ۔کھیل میں عمدہ کارکردگی کیلئے سندیپ سنگھ (کوہ پیما) اور کبیر الطاف (جوڈو) کو 51000 روپے نقد ، ایک تمغہ اور توصیفی اعزاز سے نوازا جائے گا ۔ صحافت کے میدان میں بہترین خدمات کیلئے ایڈیٹر برائیٹر کشمیر فاروق احمد وانی اور بشیر اسد کو 51000 روپے نقد ی ،ایک تمغہ اور توصیفی اعزاز سے نوازا جائے گا ۔اسی طرح سرسوتی گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین / منیجنگ ڈائریکٹر سورج کمار بنسل کو 51000 روپے (نقد) ، ایک تمغہ اور تعریفی اعزاز سے نوازا جائے گا ۔
 
 
 

لڑکیوں کا قومی دن 

خواتین کے بغیر قوم کی ترقی ناممکن: نیشنل کانفرنس

سرینگر//نیشنل کانفرنس کی خواتین ونگ کی ریاستی صدر شمیمہ فردوس ،سینئر لیڈر و سابق وزیر سکینہ ایتو، صوبائی صدر خواتین ونگ صبیہ قادری اور صوبائی ترجمان سارا حیات شاہ نے بچیوں کے قومی دن (National Girl Child Day)کے موقعہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ جموں وکشمیر کو ترقی کی راہ پر لانے کے لئے خواتین کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کے سلسلے کو جاری رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو جو مقام بخشا ہے وہ دنیا کے کسی بھی مذہب نے نہیں دیا۔ اسلام دختر کشی کے خاتمے کا درس دیتا ہے کیونکہ خواتین کو حقیر سمجھنے والا معاشرہ تباہ ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آقائے دوجہاںؐ بچیوں کی عزت اور ان کے ساتھ پیار و محبت کا درس دیا ہے، اقوام عالم اُس پر عش عش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقوق نسواں کیلئے مذہبی، سماجی اور اخلاقی ذمہ داریاں سب کو نبھانی چاہئے اورخواتین کو شامل کئے بغیر 21ویں صدی میں کوئی بھی قوم ترقی نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیوں پر بھی فرض بنتا ہے کہ وہ اپنے والدین ، بزرگوں اور اساتذہ کی فرمانبرداری ، عزت و احترام کریں اور دنیائی تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاقی تعلیم حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی حکومتوں کے دوران ریاست میں خواتین میں تعلیم کو عام کرنے کیلئے بچیوں کی تعلیم کیلئے نئے نظریات پیش کئے۔ انہوں نے کہا کہ خواندگی سے ہی پرامن اور ترقی یافتہ کشمیر کی بنیاد مضبوط ہوگی،تعلیم کے بغیر کوئی قوم بھی ترقی نہیں کرسکتی ہے۔  انہوں نے کہاکہ یہ شیخ محمد عبداللہ اور بیگم اکبر جہاں کی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ کشمیری خواتین نے بین الاقوامی سطح پر تعلیم ، سائنس اور ٹیکنالوجی اور کھیل کے شعبوں میں اپنے جوہر دکھائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ نیشنل کانفرنس ہی ہے جس نے کشمیری خواتین کو تعلیم کی طرف راغب کرنے کے ساتھ ساتھ تمام جمہوری اور بنیادی حقوق دلوائے۔
 
 
 

ترال میں محکمہ بجلی کے 

ورکشاپ میں آگ 

سرینگر//ترال پائین میں محکمہ بجلی کے ایک ورکشاپ میں اتوار اور سوموار کی درمیانی رات کو آگ نمودار ہوئی جس ک وجہ سے ورکشاپ میں موجود تار اور دیگر کچھ معمولی ساز و سامان کو نقصان پہنچا ۔محکمہ کے ملازمین اورفائر اینڈ ایمر جنسی محکمہ کی بھر وقت کارروائی سے اس آگ پر فوری طور قابو پالیا گیا اور آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا ۔ایک ملازم نے بتایا کہ یہاں تعینات عملے نے فوری طور پر مرمت کے لئے لائے گئے ٹرانسفار مروں کو بچا لیا ۔بتایا جاتا ہے کہ ورکشاپ میں آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہے ۔اس دوران محکمہ بجلی کے ایگزیکٹو انجینئر نے ترال کا دورہ کر کے یہا ں حالات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے بتایا کہ آگ سے ورکشاپ کو جزوی نقصان پہنچا اور بعد دوپہر اسے کام کاج کے قابل بنا دیا گیا ہے ۔کے این ایس
 
 

 رعناواری میں مکان کو برف سے نقصان

انتظامیہ سے تعمیر نوکی اجازت کیلئے اپیل

سرینگر/ ارشاد احمد/رعناواری سرینگرکے خواجہ ہارہ بل میں حالیہ دنوں ہوئی برفباری کے نتیجے میں گل محمد صوفی ولد بشیر احمد کے رہائشی مکان کو شدید نقصان پہنچا تھا جس کے بعد مکان رہائش کے قابل نہیں رہا۔پیر کے روز متاثرین نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ حالیہ دنوں ہوئی برفباری کے نتیجے میں خواجہ ہارہ بل رعناوری گھاٹ نمبر1 میں ان کا رہائشی مکان برف کی وجہ سے تباہ ہوگیا جو اب رہائش کے قابل نہیں رہا کیونکہ مکان کی چھت کو کافی نقصا ن پہنچا ہے جبکہ اوپری منزل کی در ودیواریں بھی ڈہہ گئی ہیں۔اس موقع پر مکین نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ لاوڈا سے خصوصاً مطالبہ کیا کہ ان کے تباہ شدہ رہائشی مکان کی تعمیر نو کی اجازت دی جائے تاکہ مکان کو دوبارہ قابل رہائش بنا یا جاسکے ۔
 
 
 

نیشنل کانفرنس کا اظہارِ تعزیت

سرینگر/نیوز ڈیسک/ نیشنل کانفرنس نے صحافی خورشید احمد پڈرو کے برادرِ نسبتی خواجہ غلام محمد شاہ (سابق امام و خطیب جامع مسجد مہند بجبہاڑہ)کے انتقال پرگہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ سینئر پارٹی لیڈران سکینہ ایتو، ڈاکٹر بشیر احمد ویری، الطاف احمدکلو ، غلام محی الدین میر اور ترجمان عمران نبی ڈار نے اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگواران کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ سینئر پارٹی لیڈر ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی نے مرحوم کے گھر جاکر سوگواران کی ڈھارس بندھائی ۔ 
 
 

یوم جمہوریہ پر ورکرس پارٹی کی مبارکباد 

سرینگر// جموں کشمیر ورکرس پارٹی کے صدر میر جنید نے یوم جمہو ریہ کے موقع پر لوگوں کو مبارک د ی ہے ۔انہوں نے اپنے پیغام میںکہا کہ ہندوستانی آئین ایک مثا ل ہے ۔ میر نے کہا کہ ہندوستانی آئین ہی ہے ہماری جمہوریت کی بنیاد اور اس کے لئے اس ملک کے ہر شہری کے لئے رہنمائی اور حقوق شامل ہیں۔میر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہمارا آئین ہماری جمہوریت کا سنگ بنیاد ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ملک گذشتہ سات دہائیوں کے دوران جمہوری طورمتحد ہے۔ میر جنید نے کہا کہ آج جب ہم ہندوستان کا یوم جمہوریہ منا رہے ہیں، ہمیں اپنے رہنمائوں کو خراج عقیدت ادا کرنا ہوگاجنہوںنے ہمارے ملک کو آزاد ی دلائی اورملک کی یکجہتی و سا  لمیت کو محفوظ رکھنے کا عہد کرنا ہوگا۔
 
 

تازہ ترین