تازہ ترین

کورونا ویکسین کی فراہمی اور تقسیم کاری پالیسی وضع کی جائے: سوز

تاریخ    26 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   


سرینگر//پردیش کانگریس کے سابق صدر پروفیسر سیف الدین سوز نے کہا ہے کہ جموںوکشمیر کے عوام کیلئے یوٹی انتظامیہ نے کووڈ 19ویکسین کی فراہمی اور تقسیم کاری کی پالیسی کا ابھی تک کوئی اعلان نہیں کیا ہے جس کے سبب عوام بجاطورپر فکر مند ہیں۔ ایک بیان میں پروفیسر سوز نے کہاکہ گذشتہ برسوں میں جب کبھی بھی کوئی ویکسین عوام کو فراہم کرنا تھا، تو میڈیکل ٹیم محلوں میں پہنچ جاتی تھیں اور لوگوں کو یہ سہولت فراہم کرتی تھی۔ مثال کے طور پر جب چیچک ، میزلز یا وبائی بیماریوں کے علاج کیلئے ضرورت پڑتی تھی ،تو صحت عامہ کا محکمہ میڈیکل ٹیموں کو محلوں کے اندر بھیجتی تھی تاکہ لوگوں کو اپنے گھروں میں ہی یہ ٹیکہ فراہم ہو۔ انہوںنے کہاکہ اُس طرح ہسپتالوں میں کوئی بھیڑ باڑ جمع نہیں ہوتی تھی اور ٹیکہ آرام سے لگوایا جاتا تھااور اسی طرز عمل سے کووڈ 19 کی تقسیم کاری فائدہ مند ہو سکتی ہے جب محکمہ صحت کی ٹیم محلوں میں جاکر یہ سہولیت فراہم کرے گی۔ پروفیسر سوز نے کہاکہ ’اس سلسلے میں میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ مرکزی سطح پر اس سلسلے میں کچھ اعلانات تو ہوئے  لیکن جموںوکشمیر میں ابھی تک اس حوالے سے کوئی پالیسی مرتب نہیں ہوئی ہے جوباعث تشویش ہے۔انہوںنے کہاکہ یونین ٹیریٹری حکومت کو چاہئے کہ وہ اس حوالے سے اپنی پالیسی کا اعلا ن جلد از جلد کرے اور لوگ اپنی رائے دے سکیں اور اُن کا اضطراب ختم ہو جائے۔انہوںنے کہاکہ محلوں کا انتخاب کسی ضابطے کے ماتحت کیا جائے جیسے کہ محکمہ صحت اور عوام کی سہولت کے مطابق محلوں کا انتخاب کیا جائے اور جتنا جلد یونین ٹیریٹری انتظامیہ یہ کام کرتی ہے ، اُتنا ہی یہ حکومت کیلئے اچھا ہے اور عوام کیلئے بھی ۔ 
 

تازہ ترین