تازہ ترین

پارلیمانی سٹینڈنگ کمیٹی کا کشمیر دورہ خوش آئند

مرکزی حکومت سفارشات کو لاگو کرے : حکیم

تاریخ    26 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   


سرینگر//پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ چیئرمین حکیم محمد یاسین نے پارلیمانی سٹینڈنگ کمیٹی کے حالیہ دورہ کشمیر کو ایک خوش آئندقدم سے تعبیر کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مرکزی حکومت ماضی کے بجائے اس بار جموں وکشمیر میں نا مساعد حالات کی وجہ سے بری طرح اثر انداز ہوئے سیاحت ، ٹرانسپورٹ اور کاروباری شعبوں کی بحالی کے لئے سنجیدہ اور ہنگامی نوعیت کے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے امید جتائی کہ مذکورہ پارلیمانی سٹینڈنگ کمیٹی کی سفارشات کو عملی طور من و عن لاگو کیا جائے تاکہ کشمیر میں منجمد پڑے اقتصادی، سماجی ، معاشی و ترقیاتی سرگرمیوں کو پھر سے بحال کیا جا سکے۔ ایک بیان میں حکیم یاسین نے کہا کہ مرکزی حکومت کو کشمیر میں معاشی و اقصادی شعبوں کی از سر نو بحالی کے لئے سیاسی مصلحت پسندی سے اوپر اٹھ کر کام کرنا ہوگا۔ انہوںنے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ سرینگر-جموں قومی شاہراہ پر جاری تجدید کاری کا کام جنگی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور ہوائی سفر کے کرایے میں معقولیت لائی جائے تاکہ کشمیر کی سیاحت پر آنے والے درمیانہ درجے کی لوگوں کیلئے آسانیاں فراہم ہوسکیں۔حکیم یاسین نے مرکزی حکومت پر زور دیا کہ وہ دستکاروں، ہوٹل مالکوں ، شکارا والوں اور بے روزگار نوجوانوں کے لئے ایک پیکیج کا اعلان کریں تاکہ کشمیریوں میں پایی جانے والے مایوسی اور علحیدگی کے رجحانات کو دور کیا جاسکے اور یہاں تعمیر و ترقی کے ساتھ ساتھ اقتصادی خوشحالی کا ایک نیا دور شروع کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لوگ امن اور خوشحالی کے ساتھ پر وقار اور با عزت زندگی جینا چاہتے ہیں جس کے لئے مرکزی حکومت کو یہاں کے لوگوں کے سیاسی و سماجی خواہشات کو ان کی مرضی کے مطابق پورا کرنا چاہیے۔
 

تازہ ترین