تازہ ترین

کورونا کی ہیبت کاری رُک گئی

پہلی بار 48گھنٹوں میں کوئی موت نہیں،64نئے معاملات درج

تاریخ    26 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   


پرویز احمد
 سرینگر //پچھلے 10دنوں میں پہلی مرتبہ متواتر طور پر جموں و کشمیر میں دو دنوں میں کورونا وائرس سے کوئی بھی شخص فوت نہیں ہوا ہے اور اسطرح متوفین کی تعداد 1929بنی ہوئی ہے جن میں 719جموں جبکہ 1210کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ پچھلے 24گھنٹوں کے دوران 18ہزار 765تشخیصی ٹیسٹ کئے گئے جن میں 64افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 24ہزار 48ہوگئی۔ ان میں 72 ہزار 637 کشمیر جبکہ 51ہزار جموں 446جموں صوبے سے تعلق رکھتے ہیں۔ پیر کو مثبت قرار دئے گئے 64معاملات میں سے25جموں جبکہ 39کشمیر میں سامنے آئے ہیں۔ کشمیر میں سامنے آنے والے نئے معاملات میں سے 22سرینگر، 1بارہمولہ، ایک بڑگام، 7پلوامہ، 3کپوارہ، 1اننت ناگ، 3گاندربل اور ایک شوپیان سے تعلق رکھتا ہے جبکہ بانڈی پورہ اور کولگام میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہے۔ جموں صوبے کے 25نئے معاملات میں 23ضلع جموں، ایک ادھمپور جبکہ ایک رام بن میں متاثر ہوا ہے ۔ جموں کے راجوری، کٹھوعہ، سانبہ،  کشتواڑ، پونچھ اور ریاسی میں کوئی بھی شخص متاثر نہیں ہوا ہے۔   

کوئی موت نہیں 

 جموں و کشمیر میں پچھلے 10ماہ کے دوران پہلی مرتبہ پچھلے 48گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے کوئی بھی شخص فوت نہیں ہوا ہے اور اسی وجہ سے متوفین کی تعداد 1929بنی ہوئی ہے۔ اتوار اور پیر کے علاوہ  20جنوری اور3جنوری کو بھی وائرس سے ہونے والی اموات کا سلسلہ تھم گیا ۔

 حکومتی بیان 

 سرکاری بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ نوول کورونا وائرس کے1,24,083معاملات سامنے آئے ہیں جن میں سے1,084سرگرم معاملات ہیں ۔ اَب تک1,21,070اَفراد صحتیاب ہوئے ہیں ۔جموں وکشمیر میں کوروناوائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد1,929تک پہنچ گئی ،جن میں سے 1,210کا تعلق کشمیر سے اور719کاتعلق جموں صوبہ سے ہیں۔اِس دوران پیر کو مزید83فرادشفایاب ہوئے ہیںجن میںجموں صوبے کے17اَفراداور کشمیر صوبے کے66اَفرادشامل ہیں۔بلیٹن میں مزید کہا گیا ہے کہ اَب تک 44,21,013ٹیسٹوں کے نتائج دستیاب ہوئے ہیں جن میں سے 25؍جنوری 2021 ؁ کی شام تک 42,96,930نمونوں کی رِپورٹ منفی پائی گئی ہے ۔علاوہ ازیں اَب تک10,83,719افراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے جن کا سفر ی پس منظر ہے اور جو مشتبہ معاملات کے رابطے میں آئے ہیں۔ اِن میں34,933اَفراد کو ہوم قرنطین میں رکھا گیا ہے جس میں سرکار کی طرف سے چلائے جارہے قرنطین مراکز بھی شامل ہیں ۔1,084  اَفراد کوآئیسولیشن میں رکھا گیا ہے جبکہ94,951اَفراد کو گھروں میں نگرانی میں رکھا گیا ہے۔اِسی طرح بلیٹن کے مطاب9,50,822اَفرادنے 28روزہ نگرانی مدت پوری کی ہے۔
 

تازہ ترین