تازہ ترین

ایک سال قبل کھریو میں ہوئی جھڑپ

جنگجوئوں کے ایک اعانت کار کا مکان سربمہر

تاریخ    26 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   


سید اعجاز
اونتی پورہ//اونتی پولیس نے جنوبی کشمیر کے کھریو علاقے میں  ایک شخص کے مکان کو سربمہر کردیا ہے۔پولیس کا دعویٰ ہے کہ مذکورہ شخص جیش جنگجوئوں اعانت کار ہے اور اسکے خلاف فورسز پر جنگجوئوں کے ایک حملے سے متعلق کیس کے سلسلے میںکارروائی کی گئی ہے۔اونتی پورہ پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گذشتہ سال جنوری میں  زین تراگ کھریو میں جنگجوئوں نے تلاشی لینے والی فورسز کی ایک پارٹی پر حملہ کیا تھا جس میں ایک فوجی اور ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔پولیس نے بتایا کہ21 جنوری 2020کو ہوئے  اس تصادم کے دوران  2جنگجو بھی مارے گئے تھے۔پولیس نے بتایا کہ اس سلسلے میں تھانہ کھریو میں ایف آئی آر نمبر 3/2020 درج کیا گیا تھا۔ اونتی پورہ پولیس نے بتایا کہ زینہ تراگ گاؤں کھریو کے رہنے والے اعانت کارکے غیر منقولہ جائیداد (مکان) کوقانون کی متعلقہ دفعات کے تحت تفتیش کی بنیاد پر کیس کیساتھ منسلک کر کے اسے سر بمہر کردیا گیا ہے۔