وادی کے قریب و جوار میںیخ بستہ ہوائوںکی شدت برقرار | دن میں دھوپ،راتیں بہت سرد | سرینگر میں منفی7.6اورشوپیاں میں 10.6، 22جنوری کے بعد موسم تبدیل ہوگا

تاریخ    18 جنوری 2021 (00 : 12 AM)   
(عکاسی : امان فاروق)

اشفاق سعید
سرینگر // وادی میں کڑاکے کی سردی میں سنیچر کی شب یخ بستہ ہواؤں اور شدت کی سردی کی لہر اگرچہ برقرار ہے لیکن اس میں معمولی سی کمی واقع ہوئی ہے۔سنیچر کو بھی دن میں اچھی خاصی دھوپ کھلی رہی لیکن راتیں سرد ترین ثابت ہورہی ہیں۔اہل وادی شدت کی سردی سے ٹھٹھر رہے ہیں۔شبانہ سردی نے لوگوں کے عبور و مرورو میں کافی مشکلات پیدا کی ہیں۔ نل جم جاتے ہیں، آبی ذخائر منجمند ہوگئے ہیں۔ ڈل جھیل کی سطح بھی مکمل طور پر منجمند ہے اور اس پر نوجوان کرکٹ کھیل رہے ہوتے ہیں۔لیکن اتوار کو جھیل ڈل کے کئی مقامات پگل گئے تھے اور یہی سورتحال اتوار کو بھی دیکھی گئی۔سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب یخ بستہ ہوائوں میں کافی کمی دیکھی گئی اور درجہ حرارت منفی 7.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ شوپیان بدستور وادی میں سرد ترین ثابت ہورہا ہے جہاں کم سے کم درجہ حرات منفی 10.6ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 21جنوری تک وادی میں موسم خشک رہے گا اور22سے 24جنوری تک بالائی اور میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کے ساتھ ساتھ درمیانہ درجہ کی برف باری ہونے کا امکان ہے۔دو دن سے  دن بھر دھوپ کھلی رہنے کے بعد شام کوبادل آجاتے ہیں جس سے شبانہ درجہ حرارت میں کمی واقع ہورہی ہے۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے تین روز قبل کہا تھا کہ آئندہ چند روز کے بعد شبانہ درجہ حرارت میں کمی آتی جائیگی۔درجہ حرارت منفی ریکارڈ ہونے اور شدید دھند چھائے رہنے کے نتیجے میں سردی کی شدت بہت زیادہ محسوس کی جاتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سرینگر میں گذشتہ شب درجہ حرارت منفی 7.6ڈگری سیلسیش ریکارڈ کیا گیا جبکہ سیاحتی مقام گلمرگ، جہاں چلہ کلان میں سب سے زیادہ درجہ حرارت میں کمی ہوتی ہے، میں تھوڑی سی بہتری آئی اور وہاں منفی 4.2ڈگری سیلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔جنوبی کشمیر کے قاضی گنڈ میں منفی 9.0 ، پہلگام میں منفی 8.7 ، کپوارہ میں منفی 6.2 ، کوکرناگ میں منفی 8.7 ، اونتی پورہ میں منفی 10.4، بانڈی پورہ میں منفی 4.7،شوپیان میں منفی 10.6 ، پلوامہ میں منفی 8.6 اور، کولگام میں منفی 8.7ڈگری سیلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔سونم لوٹس نے کہا  ہے کہ 22جنوری سے ایک بار پھر مغربی ہوائیں وادی میں داخل ہوں گئی جس کے نتیجے میں جموں وکشمیر اور گرگل میں22کی شام سے ہلکی برف باری اور بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گا جو 25جنوری کی دوپہر تک جاری رہے گا انہوں نے کہا کہ 24جنوری کو اس میں تھوری شدت آنے کا بھی امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ جموں میں بارشیں ہونے کا امکان ہے جبکہ کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہو گی تاہم انہوں نے کہا کہ 21تک موسم خوشگوار رہے گا ۔
 

تازہ ترین