تازہ ترین

راجوری وپونچھ میں لوہڑی کا تہوار جوش و خرو ش سے منایا گیا

تاریخ    14 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   


حسین محتشم
 پونچھ//پورے ملک کی طرح سرحدی اضلاع پونچھ اور راجوری میں لوہڑی کا تہوار جوش و خروش اور عقیدت کے ساتھ منایا گیا۔پونچھ اور راجوری میں مختلف مقامات پر ہندو اور سکھ برادری کی جانب سے روائتی انداز میں لوہڑی(الائو) جلا کراس میں میٹھی ریوڑیاں پھینکی اور لو ہڑی کے گیت گاتے ہوئے ایک دوسر ے کو لوہڑی کی مبارکباد دی گئی۔اس سلسلہ میں کچھ عقیدت مندوں نے کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لوہڑی سردی کے آخری ایام میں منایا جانے والا پنجاب کا روایتی تہوارہے جوہر سال 13 جنوری کو منایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی شادی اور بچے کی پیدائش والے گھر میں یہ تہوار اور بھی خوشی کے ساتھ منایا جاتا ہے۔پونچھ اور راجوری کے صدر مقامات پر لوہڑی کے موقعہ پر صبح سے ہیں شہر میں چہل پہل رہی۔اس دوران لوگوں نے ایک دوسرے کو مکی ،ریوڈی،گڈ اور مونگ پھلی کی شیرنی تقسیم کی۔ہندو، مسلم، سکھ اور عیسائی بھائی چارے کا اظہار کرتے ہوئے لوگوں کی جانب سے ایک دوسرے کو مبارک بادی کے پیغامات دیئے گئے۔
 

مشیروں کی لوگوں کو تہنیت

جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیروں بصیر احمد خان وفاروق احمدخان نے لوگوں کو لوہری مکرسنکرانتی کے مبارک موقعہ پر لوگوںکو مبارک باد پیش کی۔اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ یہ تہوار ترقی اور خوشحالی لے کر آئے ۔مشیروں نے کہا کہ یہ تہوار قدرت کی عطا کردہ نعمتوں کا شکر ادا کرنے کے لئے منایا جاتا ہے ۔میں جموںوکشمیر کے عوام کو مبارک باد اور بہترین خواہشات پیش کرتا ہوں اور اُمید کرتا ہوں کہ یہ تہوار خوشی لائے۔مشیر وںنے اُمیدا ظاہر کی کہ یہ تہوار اَمن و آشتی لے آئے اور ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہو۔مشیروں نے کہا کہ مکر سنکرانتی 14 جنوری کو منائی جارہی ہے جوکہ روایتی طور سال کا مبارک موقعہ مانا جاتاہے جبکہ لوہری فصل کٹائی کے طورپر 13 ؍ جنوری منایا جاتا ہے ۔ادھر مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے لوہری’نیا فصل کٹائی کا تہوار‘کے موقعہ پر جموں و کشمیر کے عوام کو مبارک باد پیش کی۔بھٹناگر نے کہا کہ تہوار ہمارے جامع ثقافتی ورثے کا لازمی جزو ہیں جو فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے رشتے، اتحاد اور بھائی چارے کو مستحکم بنا تا ہے ۔مشیر نے مکر سکرانتی کے موقعہ پر بھی لوگوں کو مبارک باد پیش کی جو کل منائی جائے گی۔جموںوکشمیر کے لئے اَمن ، خوشحالی اور ترقی کی دعا کرتے ہوئے مشیر بھٹناگر نے کہا کہ تہواروں کی تقریبات ہمارے معاشرے کے تمام طبقات کو محبت ، شفقت اور خوشی کے جذبے کے ساتھ منسلک کرتی ہیں۔مشیر نے پورے جموں و کشمیر کے لئے اَمن ، خوشحالی اور ترقی کی دعا کی۔