تازہ ترین

لیفٹنٹ گورنر سے سابق وزراء اور عوامی وفد ملاقی

تاریخ    13 جنوری 2021 (00 : 01 AM)   


 جموں//سابق وزیر اور جموں و کشمیر اَپنی پارٹی کے رہنما چودھری ذوالفقار علی کی قیادت میں راجوری کے ایک عوامی وفد نے راج بھون میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہاسے ملاقات کی۔وفد نے قبائلی طبقے کی بہتری کے لئے فارسٹ رائٹس ایکٹ پر عمل درآمد شروع کرنے پر یوٹی حکومت کی تعریف کی۔اُنہوں نے لیفٹیننٹ گورنر کو راجوری کے مختلف ترقیاتی معاملات سے آگاہ کیا جن میں بینکنگ سہولیات کو بڑھانا ، صحت سہولیات کو اَپ گریڈ کرنے کے علاوہ عوامی اہمیت کے دیگر امور بھی شامل تھے۔اِسی طرح سابق وزیر عبدالغنی کوہلی نے لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی اور گوجر سکاؤٹ کی تشکیل سمیت گجر بکروال طبقے کے فلاحی امور ،ماڈل اکلاویا مراکز کا قیام،خانہ بدوش اَفراد کے لئے ٹرانسپورٹ کی سہولیات سے متعلق مطالبات کی یادداشت پیش کی۔ اُنہوں نے جموں و کشمیر کے گوجر بکروا ل طبقے کی جامع ترقی کے لئے متعدد اِقدامات اُٹھانے پر لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت میں یو ٹی حکومت کا شکریہ اَدا کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے وفود کے ممبروں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار جموں و کشمیر کے قبائلی طبقے کو جنگلاتی حقوق فراہم کئے گئے ہیں اور اِن کی ترقی کا ایک نیا باب لکھا جارہا ہے۔اُنہوں نے وفود کے ممبران کو یقین دِلایا کہ ان کی جانب سے اُٹھائے گئے تمام جائز معاملات کو ترجیحی بنیادوں پرازالہ کیا جائے گااور سابق وزراء سے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام جاری رکھنے کی اپیل کی۔