دھرمت ٹرسٹ ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام

کشمیری پنڈتوں کی باز آبادکاری ایک انسانی معاملہ :چرنگو

تاریخ    11 دسمبر 2020 (00 : 01 AM)   


بلال فرقانی
سرینگر// بی جے پی کے سیاسی امورات کے انچارج اشونی چرنگو نے کشمیری پنڈتوں کی باز آبادکاری کے اقدامات کی وکالت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس انسانی معاملے کو ترجیح دی جانی چاہے۔ایوان صحافت کشمیر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر بی جے پی اور کشمیری پنڈت لیڈراشوانی کمار کرنگو نے کہا’’ کشمیر میں بے گھر کشمیری پنڈتوں کی باز آباد کاری لازمی ہے اور حکومت ، انتظامیہ ، سیاسی جماعتوں اور پنڈت تنظیموں کو چاہئے کہ اس معاملے کو ترجیح دیں‘‘۔گنپت یار مندر کی صورتحال کو انتہائی قابل رحم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مندر کے آس پاس کے ماحول کو عظمت بخشنے کے لئے اس میں تزئین و آرائش کی ضرورت ہے۔ چرنگو نے زمینوں سے متعلق متعدد مندروں پر قبضہ اور غلط استعمال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دھرمت ٹرسٹ اپنا فرض اور اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے میں بری طرح ناکام رہا ہے۔چرنگو نے کہاکہ جلد از جلد کشمیر کے تمام ہندو مذہبی اور ثقافتی مراکز ، مندروںکے لئے ایک بورڈ کے قیام کی ضرورت ہے۔انہوں نے اس موقعہ پر قومی انسانی حقوق کمیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہندو سکھ اقلیتوں کے خلاف کی جانے والی زیادتیوں میں جانے کے لئے’’خصوصی جرائم ٹریبونل‘‘ قائم کرنے کے مطالبے میں مثبت ردعمل دکھایا۔انہوں نے کہا’’ حکومت ہند سے گذارش کی گئی ہے کہ وہ وادی میں بے گھر پنڈتوں کی بحالی کی راہ ہموار کرنے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائیں‘‘۔انہوں نے وزیر اعظم پیکیج کے تحت غیر مہاجر کشمیری پنڈت نوجوانوں کی بھرتی کے سلسلے میں انتظامیہ سے درخواست کی کہ وہ ملازمتوں کے لئے درخواست کے وقت’’غیر مہاجر سرٹیفکیٹ‘‘جمع کروانے کی ضرورت کو منسوخ کریں۔
 

تازہ ترین