تازہ ترین

کورونا وائرس| 12فوت،مہلوکین 1742

متاثرین میں 501کا اضافہ، مجموعی تعداد112757تک پہنچ گئی

تاریخ    6 دسمبر 2020 (00 : 01 AM)   


پرویز احمد
 سرینگر //جموں و کشمیر میں پچھلے 24گھنٹوں کے دوران 27ہزار 634 تشخیصی ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 501افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں اور اسطرح متاثرین کی مجموعی تعداد 1لاکھ 12ہزار 757 ہوگئی ہے جن میں 45729جموں جبکہ 67028کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ سنیچر کو مزید 12افراد فوت ہوگئے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 1742ہوگئی ہے۔ ان میں 617جموں جبکہ 1125کشمیر میں فوت ہوگئے۔ نئے 501معاملات میں 267جموں جبکہ 234کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔کشمیر سے تعلق رکھنے والے234متاثرین میں 92سرینگر، 12بارہمولہ، 40بڈگام، 22پلوامہ، 18کپوارہ، 12اننت ناگ، 13بانڈی پورہ، 11گاندربل، 4کولگام اور 10 شوپیان سے تعلق رکھتے ہیں۔ جموں صوبے کے 267 متاثرین میں 147جموں، 6راجوری، 34ادھمپور، 16 ڈوڈہ، 10کٹھوعہ، 2پونچھ، 10سانبہ، 18کشتواڑ، 12رام بن اور 12ریاسی سے تعلق رکھتے ہیں۔ 

۔ 12اموات

 جموں و کشمیر میں پچھلے24گھنٹوں کے دوران 12افراد کورونا وائرس سے فوت ہوگئے۔ مرنے والوں میں 6کشمیر جبکہ 6جموں صوبے سے تعلق رکھتے ہیں۔ کشمیر میں فوت ہونے والے 3بانڈی پورہ، ایک سرینگر، ایک بڈگام اور ایک اننت ناگ سے تعلق رکھتا ہے۔ بانڈی پورہ میں تعینات محکمہ صحت کے ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ آرن بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والا 85سالہ معمر شخص،  آریہ گام چٹی بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والا75سالہ معمر شخص اور حاجن بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والا 80سالہ معمر شخص کورونا وائرس سے فوت ہوگئے۔ سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ تینوں کی موت سکمز صورہ میں ہوئی ہے۔ سرینگر میں تعینات محکمہ صحت کے ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ نئی سڑک سے علق رکھنے والی 75سالہ معمر خاتون صدر اسپتال میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے نمونیا سے فوت ہوگیا ۔ بڈگام میں تعینات محکمہ صحت کے ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ چرار شریف سے تعلق رکھنے والی 80سالہ معمر خاتون کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے نمونیا سے صدر اسپتال میں فوت ہوگیا ۔ اننت ناگ میں تعینات محکمہ صحت کے ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا ’’  دیولگام اننت ناگ سے تعلق رکھنے والا 60سالہ معمر شخص کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے نمونیا سے جی ایم سی اننت ناگ میں فوت ہوگیا ہے۔  جموں صوبے میں کورونا وائرس سے 6افراد فوت ہوگئے۔ مرنے والوں میں 2ضلع جموں، 3کٹھوعہ اور ایک سانبہ سے تعلق رکھتا ہے۔ 

حکومتی بیان

سرکاری بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ نوول کورونا وائرس کے1,12,757معاملات سامنے آئے ہیں جن میں سے5,009سرگرم معاملات ہیں ۔ اَب تک1,06,006اَفراد صحتیاب ہوئے ہیں ۔جموں وکشمیر میں کوروناوائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد1,742تک پہنچ گئی ،جن میں سے 1,125کا تعلق کشمیر صوبہ سے اور617کاتعلق جموں صوبہ سے ہیں۔اِس دوران سنیچر کو مزید469افرادشفایاب ہوئے ہیںجن میںجموں صوبے کے243اَفراداور کشمیر صوبے کے 226اَفرادشامل ہیں۔بلیٹن میں مزید کہا گیا ہے کہ اَب تک 31,48,894ٹیسٹوں کے نتائج دستیاب ہوئے ہیں جن میں سے  05؍دسمبر 2020 ء؁ کی شام تک 30,36,137نمونوں کی رِپورٹ منفی پائی گئی ہے ۔علاوہ ازیں اَب تک8,04,184افراد کو نگرانی میں رکھا گیا ہے جن کا سفر ی پس منظر ہے اور جو مشتبہ معاملات کے رابطے میں آئے ہیں۔ اِن میں20,185اَفراد کو ہوم قرنطین میں رکھا گیا ہے جس میں سرکار کی طرف سے چلائے جارہے قرنطین مراکز بھی شامل ہیں ۔5,009  اَفراد کوآئیسولیشن میں رکھا گیا ہے جبکہ31,134اَفراد کو گھروں میں نگرانی میں رکھا گیا ہے۔اِسی طرح بلیٹن کے مطاب7,46,114اَفرادنے 28روزہ نگرانی مدت پوری کی ہے۔