کشمیر میں سڑک منصوبوں کی صورتحال کا جائزہ

صوبائی کمشنر نے زمین کی حصولی اور معاوضے کی فراہمی میں سرعت لانے پر زوردیا

تاریخ    2 دسمبر 2020 (00 : 01 AM)   


سرینگر// صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے نے کشمیر میں جاری سڑک منصوبوں کا جائزہ لینے کیلئے افسران کے ایک اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں سرینگر ، کولگام کے ترقیاتی کمشنروں کے علاوہ دیگر اضلاع کے اے ڈی سیز نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس میں مختلف محکموں کے سربراہوں نے بھی شرکت کی ۔صوبائی کمشنر نے سیمی رنگ روڈ ، سرینگر بارہمولہ، اوڑی کمان پوسٹ روڈ ، سرینگر سونہ مرگ ، گمری روڈ ، سرینگر اورقاضی گند بانہال روڈ سمیت دیگر منصوبوں پرجاری کام اور پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ سرینگر ،پلوامہ، شوپیاں، کولگام ،این ایچ 44 اور اوڑی پونچھ روڈ پروجیکٹوںکے سلسلے میں بھی بات چیت کی گئی۔صوبائی کمشنر نے پروجیکٹوں پر جاری کام میں سرعت لانے پر زور دیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ ٹرانسمیشن ٹاورووں ، ایچ ٹی ، ایل ٹی لائنز ، بس اسٹاپ ، عوامی سہولتوں اور دیگر آنے والی عوامی املاک کی بحالی اور دیگر منصوبوں کے سلسلے میں تفصیلات پیش کریں۔ سیمی رنگ روڈ کی تعمیر اور سڑک کے دیگر منصوبوں کیلئے انہوں نے متعلقہ ڈی سی اور جل شکتی محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ پانی کی فراہمی کی اسکیموں ، آبپاشی کی اسکیموں اور سڑک کی تعمیر کے تحت آنے والے دیگر کاموں سمیت تمام عوامی سہولیات کی تبدیلی سے متعلق تمام مطلوبہ تفصیلات کو یقینی بنائیں اور جنگی بنیادوں پر کام کرائیں۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ زمین کی منتقلی اورزمین کے بدلے معاوضے کی بروقت تقسیم کے علاوہ ان اراضی مالکان کو معاوضے کیلئے جلدی کریں جن کی اراضی سیمی رنگ روڈ اور دیگر منصوبوں کے تحت حاصل کی گئی ہے۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ سڑک کے تمام منصوبوں پر تیز رفتار تعمیراتی کام جاری ہے ، اس کے علاوہ زمین کے حصول ، حد بندی ، معاوضے کی فراہمی ،پلوں کی تعمیر اور دیگر کاموں میں سرعت لانے کی بھی ہدایت دی۔

تازہ ترین