تازہ ترین

اوڑی میں المناک حادثہ | دم گھٹنے سے ماں اور2بیٹیاں لقمۂ اجل

تاریخ    30 نومبر 2020 (00 : 12 AM)   


ظفر اقبال
اوڑی/ اوڑی کے ایک گائوں میں ایک دلدوز حادثہ کے دوران دم گھٹنے کی وجہ سے ماں اپنی دو کم سن بیٹیوں سمیت لقمہ اجل بن گئی۔یہ واقعہ لڑی بونیار نامی گائوں میں سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب پیش آیا۔پولیس کے مطابق اتوار کی صبح اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی ایک ٹیم جائے موقعہ پر پہنچی اور تینوں لاشوں کو پراسرار حالت میں بر آمد کیا۔ ایس ڈی پی او اوڑی جنید ولی نے بتایا کہ ابتدائی چھان بین سے پتہ چلا ہے کہ تینوں کی موت کمرے میں موجود لکڑی کی بخاری سے خارج ہونے والی گیس سے ہوئی ہے۔تینوں ماں بیٹیاں لکڑی کی بخاری جلاکر سو گئیں اور دوران شب کمرے میں دھواں بھر گیا جس کے نتیجے میں تینوں دم گھٹنے سے فوت ہوئیں۔ بد قسمت کنبے کی فوت شدہ ماں بیٹیوں کی شناخت 43 سالہ شمیمہ بیگم زوجہ عبدالمجید گنائی، 13 سالہ نگہت مجید اور 9 سالہ تبسم مجید کے بطور ہوئی ہے۔ لاشوں کا پوسٹ مارٹم کرکے نمونے جانچ کے لئے فرانسک لیبارٹری روانہ کر دیئے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر بارہمولہ نے واقعہ کے فوراً بعد فوت ہوئیں ماں اور دو بیٹیوں کے حق میں ریڈ کراس سکیم کے تحت ایک لاکھ روپے بطور معاوضہ کی منظوری دی۔