تازہ ترین

چھتہ بل میں غیرمقامی معمر شخص کی نعش بر آمد

تاریخ    29 نومبر 2020 (00 : 01 AM)   


ارشاد احمد
سرینگر//شہرخاص کے چھتہ بل علاقہ میں ایک 80سالہ غیرمقامی معمر شخص کی نعش پائی گئی ،جو ممکنہ طورپررات کے وقت شدیدسردی ہونے کے باعث دم توڑ بیٹھا ۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے ۔ پولیس نے سنیچر کی صبح چھتہ بل علاقہ میں ایک مسجدکے باہر ایک غیرریاستی معمرشخص کی نعش برآمد کی ،جسکے بارے میں مقامی لوگوں کااندازہ ہے کہ80سالہ شخص کی موت شاید رات کے وقت سخت سردی ہونے کی وجہ سے واقعہ ہوئی ہے ۔تاہم پولیس نے بتایاکہ یہاں جس معمر غیرمقامی شخص کی نعش برآمد کی گئی ،اُس کادماغی توازن ٹھیک نہیں تھا۔پولیس کے مطابق زانپہ کدل میں جامع مسجد اہلحدیث کے نزدیک اس غیرمقامی شہری کی نعش ملی ۔پولیس نے بتایاکہ متوفی شخص کاتعلق ریاست اترپردیش کے سہارنپور علاقے سے تھااوراسکی شناخت 80سالہ طاہراحمد کے بطور ہوئی۔پولیس نے بتایاکہ نعش کاپوسٹ مارٹم کنٹرول روم سرینگرمیں کروایاگیااوراس سلسلے میں سی آرپی سی 174کے تحت معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ۔پولیس نے واضح کیاکہ ابھی یہ کہناقبل ازوقت ہے کہ مذکورہ بزرگ شہری کی موت شدیدسردی ہونے کے باعث ہوئی ہے۔