تازہ ترین

مولوی علی محمد جان کی وفات پر خاندانِ میروعظان کیساتھ تعزیت پرسی

نیشنل کانفرنس ،جمعیت ہمدانیہ ،انجمن حمایت الاسلام ،پی ڈی ایف،پی پی پی سمیت کئی سیاسی اور سماجی انجمنوںکا اظہار تعزیت

تاریخ    29 نومبر 2020 (00 : 01 AM)   


سرینگر/// نیشنل کانفرنس،پی ڈی ایف ،جمعیت ہمدانیہ ،پیپلز پولٹیکل پارٹی ،ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی سمیت کئی سیاسی ،سماجی اور مذہبی تنظیموں اور رہنمائوں نے  میر وعظ مولوی عمر فاروق کے چاچا مولوی علی محمد جان کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے اور خاندان میر واعظ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے میرواعظ خاندان کے چشم و چراغ الحاج مولوی علی محمد جان کے انتقالِ پُرملال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور اس سانحہ ارتحال پر مرحوم کے جملہ سوگواران خصوصاً میرواعظ کشمیر مولوی ڈاکٹر محمد عمر فاروق اور مرحوم کے لائق فائق فرزندان مولوی خالد عمر ، مولوی حامد علی اور دیگر سوگواران کیساتھ ٹیلی فون پر ذاتی طور پر تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی اور مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت اور کلمات بھی ادا کئے۔پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ، جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈران محمد شفیع اوڑی، عبدالرحیم راتھر، میاں الطاف احمد، چودھری محمد رمضان، شریف الدین شارق اور مبارک گل نے بھی خاندانِ میرواعظان کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے مرحوم کے بلند درجات اور جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے ذاتی طور پر اس سانحہ ارتحال پر میرواعظ مولوی ڈاکٹر محمد فاروق، مرحوم کے لائق فائق فرزندان اور دیگر سوگوران کیساتھ تعزیت کی۔ دریں اثناء جمعیت کے ایک تعزیتی اجلاس میں مرحوم علی محمد جان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا اور میرواعظ خاندان کے علمی اور دینی خدمات کو اُجاگر کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت حاجی عبدالرشید گانی نے کی جبکہ جمعیت کے پیرزادہ حاجی محمد اشرف عنایتی، پیرزادہ محمد یاسین ظہرہ، فاروق احمد گانی، مظفر احمد گانی ، امام بقعہ خانقاہِ معلی غلام محمد ہمدانی، نشاندہ پیر منظور احمد، الحاج غلام نبی نوشہری، منظور الحسین قریشی اورمسعود الحسن ہمدانی نے بھی اس موقعے پر موجود تھے۔ میر غلام محمد ساقی نے بھی خاندانِ میرواعظان کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کے سربراہ حکیم محمد یاسین ،سینئر حریت لیڈر اور پیلز پولیٹکل پارٹی کے چرمین ہلال احمد وار ،ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے سربراہ فیاض احمد شبنم اور دیگر کئی سیاسی و سماجی تنظیموں نے اپنے الگ ایل بیانوں میںمولوی علی محمد جان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی اور سوگوار لواحقین بلخصوص میرواعظ کشمیر مولوی عمر فاروق کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو اور سرپرست مولانا شوکت حسین کینگ نے میرواعظ عمر فاروق کے چچا کے انتقال پر رنج و غم کااظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کی دعا کی۔ انہوںنے کہا کہ کشمیر میں خاندانِ میرواعظ کا سماج کے تئیں اور پسماندہ کشمیریوںکو تعلیم کے نور سے منور کرنے میں جو رول ادا کیا وہ ناقابل فراموش ہے۔ انہوںنے دعا کی کہ مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت نصیب ہواور جوارِ رحمت میں جگہ دے۔ ادھر مولانا اخضر حسین نے بھی میرواعظ عمر فاروق کے چچا کے فوت ہونے پر رنج و غم کااظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کی دعا کی ہے۔ 
 

عوامی مجلس عمل کا تعزیتی اجلاس منعقد

مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش

سرینگر// عوامی مجلس عمل کے سینئر عہدیداروں اور کارکنوں کاایک تعزیتی اجلاس صدر دفتر میرواعظ منزل پر منعقد ہواجس میںمولوی علی محمد جان کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں مولوی علی محمد جان کی پْر وقار اور پْر کشش شخصیت اخلاق ،کردار اور ملنساری جیسے اوصاف حمیدہ کو یاد کرتے ہوئے انہیں زبردست الفاظ میں خراج عقیدت ادا کیا گیا اور یہ بات واضح کی گئی کہ مرحوم مولوی علی محمد جان صاحب نہ صرف اپنے نامور خاندان کے روشن روایات اور بلند قدروں کے حامل ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ انسان تھے بلکہ خدمت خلق کے جذبہ سے بھی سرشار تھے۔اجلاس میںمیرواعظ مولوی محمد عمر فاروق مرحوم کے لائق و فائق فرزندان مولوی خالد جان اور مولوی حامد جان  کے علاوہ میرواعظ خاندان کے جملہ اراکین کے ساتھ  اس ناقابل تلافی سانحہ پر دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا گیا ۔اجلاس میں مرحوم علی محمد جان اور اس سے قبل ستمبر میں میرواعظ کشمیر کی نانی مرحومہ کے حق میں فاتحہ پڑھی گئی اور ایصال ثواب کیا گیا۔ خاندانی ذرائع کے مطابقCOVID-19 کی قہر انگیز اور تیز رفتار مہلک وبا اور میرواعظ کی نظر بندی کے سبب کسی بھی طرح کی انفرادی یا اجتماعی تعزیتی مجلس وغیرہ کا اہتمام نہیں ہوگا۔ متعلقین ، بہی خواہوں اور ہمدردوںسے گزارش کی جارہی ہے کہ وہ اپنے اپنے طور پر ہی مرحوم علی محمد جان کی جنت نشینی کیلئے دعائوں کے ساتھ ساتھ موجودہ وبا سے نجات کیلئے بھی دعائوں کا اہتمام کریں۔

تازہ ترین