تازہ ترین

بی جے پی کا وژن ڈاکیومنٹ جاری

۔100فیصد سرکاری ملازمتوں کے تحفظ کا وعدہ

تاریخ    27 نومبر 2020 (00 : 01 AM)   


سید امجد شاہ
جموں// جمعرات کو جاری کردہ 20 نکاتی وژن ڈاکومنٹ سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی جموں و کشمیر میں ضلع ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی) کے انتخابات میں قومی مفاد پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔عوامی اتحاد پر قومی مفاد کو مجروح کرنیکا الزام عائد کرتے ہوئے اس دستاویز میں کانگریس پارٹی اور نیشنل پینتھرس پارٹی کو بھی ایسی جماعتیں قرار دیاگیاہے جوسیاسی فوائد کے لئے ہندوستان کے قومی مفاد میں تجارت کرنے پر راضی ہیں۔پارٹی کے صدردفتر تریکوٹہ نگر جموں میں جاری ہونے والے منشور میں بتایاگیاہے’’بی جے پی بھارتی مسلح افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے اور حالیہ برسوں میں سرحد پار کے خطرات سے نمٹنے کے لئے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کیا ہے تاہم گپکار گینگ نے ہندوستان کے قومی مفاد کو مجروح کیا ہے، دشمن قوموں سے مل کر اجتماعی جدوجہد کی‘‘۔وژن دستاویز میں لکھا گیا ہے’’حکومت نے 70000 سے زیادہ ملازمتوں کی نشاندہی کی ہے جن میں سے تقریباً 15000 کو پہلے ہی مشتہرکردیا گیاہے ، باقی ملازمتوں کی بھی جلد تشہیر کی جائے گی، یہ ملازمتیں صرف سرکاری شعبے میں ہیں، نوجوانوں کیلئے نجی شعبے میں بھی کئی گنا زیادہ ملازمتیں پیدا ہوں گی‘‘۔بی جے پی نے مقامی لوگوں کے لئے 100 فیصد ملازمت کی ریزرویشن، عارضی ملازمین کو باقاعدہ بنانے اور بدعنوانی کے خاتمے کا بھی وعدہ کیاہے۔دستاویز میں لکھا گیا ہے’’مقامی آبادی کو سو فیصد ملازمت سے تحفظ ملے گا اور نجی شعبے نے تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے اور اس سے مقامی آبادی کے لئے بڑے پیمانے پر ملازمت اور کاروبار کے مواقع میسر آئیں گے‘‘۔دستاویز میں کہا گیا ہے’’وادی میں نوجوانوں کو پتھراؤ کی طرف گمراہ کرنا، تشدد کو اکساتے ہوئے اسٹیبلشمنٹ مخالف عناصر کو نقد رقم اور سیاسی عہدوں کے ذریعہ فائدہ پہنچانا ختم ہوگیا ہے، دشمنوں کو ان کی نشاندہی کے بعد بلاوجہ غیر جانبدار کردیا گیا ہے‘‘۔