تازہ ترین

ڈی سی سرینگر کا سرائے بالا کا دورہ | پیر دستگیر صاحب ؒ کے عرس کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لیا

تاریخ    25 نومبر 2020 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر// ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے منگل کو آستان عالیہ دستگیر صاحب ؒ سرائے بالا کا دورہ کیا اور حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ کے سالانہ عرس کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا ۔اس موقعہ پر مختلف محکموں کے آفیسران نے انہیں عرس کے سلسلے میں اپنے اپنے محکموں کی طرف سے کئے جارہے انتظامات کے بارے میں جانکاری دی ۔اس موقعہ پرضلع ترقیاتی کمشنرنے سرائے بالا اور اسکے ملحقہ بازاروں کا بھی معائنہ کیا اور مقامی دکانداروں کے ساتھ بات چیت کی ۔مقامی تاجروں نے مارکیٹ میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور دیگر مطالبات پیش کئے ۔بعد میں ڈی سی آفس میں ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے متعلقہ محکموں کے آفیسران کے ساتھ میٹنگ کی اور حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کے عرس کے سلسلے میں خانیار اور جناب صاحب صورہ میں کئے جارہے انتظامات کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ عرس کی تقریبات کے دوران آستانوں اور اسکے ملحقہ علاقوں میں بلا خلل بجلی اور پانی کی سپلائی کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ جمعرات کو ان علاقوں میں گاڑیوں کی نقل و حمل کیلئے ٹریفک پلان مرتب کیا گیا ہے ۔
 
 
 

گونی کھن بازار میں تاجروں کے ساتھ تبادلہ خیال

 سرینگر// ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے کل شہر کے معروف و مصروف تجارتی مرکز گونی کھن کا دورہ کیا اور بازار کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا ۔ ڈاکٹر شاہد چودھری نے ضلعی افسران کے ہمراہ بازار کا معاینہ کیا اور وہاں پر تاجروں سے تبادلہ خیال کیا۔ ڈپٹی کمشنر سرینگر کو اس موقعہ پر تاجر لیڈروں نے بازار میں تاجروں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیاجبکہ انہوں نے تاجروں اور دکانداروں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے جائز مطالبات اور مسائل کو ترجیجی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔کشمیر ٹریڈر س اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن کے ایک دھڑے کے صدر محمد صادق بقال کے علاوہ گونی کھن بازار کے صدر میر مزمل،جنرل سیکریٹری جلال الدین کے علاوہ سنیئر تاجر لیڈران ماجد حمید اور منظور احمد بژھ بھی اس موقعہ پر موجود تھے،جنہوں نے ڈپٹی کمشنر سرینگر کو بازار کی صورتحال سے آگاہ کیا۔