تازہ ترین

مغربی ہوائوںکا رُخ پھر کشمیر کی طرف | آج سے برفباری اور بارشوں کا امکان

سنیچراوراتوارکی درمیانی شب رواں موسم کی سرد ترین رات ، درجہ حرارت منفی 3تک جاگرا

تاریخ    23 نومبر 2020 (00 : 12 AM)   
(فائل فوٹو)

اشفاق سعید
سرینگر //مغربی ہوائیں ایک مرتبہ پھر جموں کشمیر پر اثر انداز ہو گئی ہیں اورمحکمہ موسمیات نے آج سے25نومبر تک بارشوں اور برف باری کی پیشگوئی کی ہے۔ اس بیچ سرینگر میں گزشتہ شب اس موسم کی سرد ترین رات رہی اور رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.0ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا ۔شہر سرینگر اور وادی کے دیگر علاقوں میں اگرچہ اتواردن کے دوران مطلع قدر ے صاف تھا تاہم دوپہر کے بعد آسمان پر کالے بادل چھا گئے۔ اس بیچ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی یہ امکان ظاہر کیا تھا کہ آج سے 25نومبر تک وادی میں موسم بدلے گا جس سے وادی کے بالائی علاقوں میں ہلکے سے درمیانہ  درجے کی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہو سکتی ہیں ۔محکمہ کی ایڈوائزری میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ زوجیلااورمغل روڑ کے علاوہ دیگر سڑکیں بھی تازہ برف باری کے مرحلہ سے عارضی طور پر بند ہو سکتی ہیں ۔اس دوران وادی میں سردی کی شدت میں بھی اضافہ دیکھنے کو ملا ۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق شہر سرینگر میں سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب رواں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی جس میں پارہ منفی 3ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے چلا گیا ۔ محکمہ کے مطابق گلمرگ وادی کا سر د ترین علاقہ رہا جہاں  رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.4ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ پہلگام میں پارہ منفی 5.6ڈگری سیلشیس ،قاضی گنڈ میں 2.6، کپوارہ میں 2.4ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا  ۔ادھر لداخ کے لیہہ علاقے میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10.6 اور کرگل میں منفی 8.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا  ۔اس دوران محکمہ موسمیات کا کہنا ہے  مغربی ہوائیں ایک مرتبہ پھر جموں کشمیر میں اثر انداز ہو گئی ہیں اور آج سے موسمی صورتحال میں تبدیلی آنے کا امکان ہے ۔
 
 
 

تازہ ترین