تازہ ترین

جموں سرینگر شاہراہ بند رہنے کا معمول نت نئے مصائب | بارات بھی راستے میں پھنس گئی ، مریض وقت پر نہ پہنچ پائے

تاریخ    21 نومبر 2020 (00 : 01 AM)   


ایم ایم پرویز
رام بن//جموں سرینگر قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت جمعہ کے روز بند رہنے کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کاسامناکرناپڑا۔حکام نے فورلین شاہراہ کی تعمیر کیلئے جمعہ کو یہ روڈ بنر رکھی تھی جس دوران کسی بھی طرف سے گاڑیوں کو چلنے کی اجازت نہیں تھی ۔یہ سلسلہ پچھلے کئی جمعہ سے چلاآرہاہے ۔شاہراہ پر ہر جمعہ کو گاڑیوں کی ٹریفک کی نقل و حرکت معطل ہونے کی وجہ سے ضلع رام میں معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔حکام کا یہ اقدام لوگوں کی نقل و حرکت کو مفلوج کررہا ہے۔لوگوں کی شکایت ہے کہ گاڑیوں کی نقل و حرکت کی معطلی نے روزانہ آنے والے مسافروں کو خاص طور پر ایسے مریضوں کو متاثر کیا ہے جو بروقت ہسپتالوں تک نہیں پہنچ پاتے ۔جمعہ کے روز رام بن قصبہ سے قبل چمبہ سیری میں ایک بارات بھی پھنس گئی کیونکہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کی ٹھیکیدار کمپنی نے کھدائی کے کام کے لئے اپنی مشینری کو استعمال میں لایاہواتھا۔جمعہ کے روزمقامی لوگ خصوصاً سرکاری ملازمین ،طلباء تاجر وں کو بھی مشکلات کاسامناکرناپڑااورانہوںنے میلوں کا سفر پیدل طے کیا۔مقامی لوگوں کے مطابق جموں سرینگر قومی شاہراہ اس پہاڑی ضلع کاسب سے اہم رابطہ ہے جسے پورا دن بند کرنے سے زندگی تھم جاتی ہے۔