تازہ ترین

لفٹینٹ گورنر نے نہرو پارک میں واٹر سپورٹس مرکز کا افتتاح کیا | یو ٹی حکومت نے جموں کشمیر میں کھیل کود کی کلہم ترقی کیلئے مشن شروع کیا ہے :گورنر

تاریخ    29 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے آج پی ایم ڈی پی سکیم کے تحت جھیل ڈل نہرو پارک میں واٹر سپورٹس مرکز کا افتتاح کیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے اس موقعہ پر عالمی معیار کے آبی کھیلوں کے ساز و سامان کا آغاز کیا۔لفٹینٹ گورنر نے متعلقہ افسروں اور کھلاڑیوں کو واٹر سپورٹس مرکز ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے کیلئے سراہا ۔ جموںخطے میں آبی کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے اسی طرح کا واٹر سپورٹس مرکز رنجیت ساگر جھیل میں قائم کرنے کا بھی لفٹینٹ گورنر نے اس موقعہ پر اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جموں کشمیر کی بے پناہ کھیل کود صلاحیت کو بروئے کار لانے کیلئے ہمہ جہت لایحہ عمل پر کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں بے شمار آبگاہوں کی موجودگی کو آبی کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے موثر طور بروئے کار لایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس ضمن میں کئی اقدامات اٹھا رہی ہے اور جموں کشمیر میں کھیل کود کی کلہم ترقی کیلئے ایک مشن شروع کیا گیا ہے اور اس مقصد کیلئے کئی کثیر المقاصد انڈور سپورٹس ہال ، کھیل میدان ، سٹیڈیم اور دیگر کھیل کود سے متعلق سہولیات کا گذشتہ دو ماہ کے دوران افتتاح کیا گیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ حکومت یونین ٹیر ٹری میں کھیل کود صلاحیت کی نشاندہی کرنے اور اس کو فروغ دینے کیلئے موثر اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ بحران کم ہوتے ہی جموں کشمیر میں آٹھ کھیل تقاریب کا انعقاد ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کود سرگرمیوں سے نوجوانوں کی توانائی مثبت طور بروئے کار لائی جا سکتی ہے اور ہم مقامی کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرنے کیلئے کوشاں رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر پنچائت کو سپورٹس کٹس فراہم کئے جا رہے ہیں اور 53 مختلف کھیلوں میں ہم اپنے نوجوانوں کو اولمپک سطح کی تربیت فراہم کریں گے ۔ اس موقعہ پر لفٹینٹ گورنر کے مشیران فاروق خان ، آر آر بٹھناگر ، پرنسپل سیکرٹری زراعت ، باغبانی ، صدر جے کے ایسوسی ایشن فار رووئینگ اور سکلنگ، ڈویژنل کمشنر کشمیر ، سیکرٹری محکمہ کھیل کود ، سیکرٹری جے کے سپورٹس کونسل ، معروف کھلاڑی بلکیس میر اور ظہور احمد لٹو موجود تھے ۔