بھارت ہمیں غیرمستحکم کرنے کیلئے افغانستان کااستعمال کرے گا:عمران خان کو خدشہ

تاریخ    27 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


سرینگر//پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بھارت پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کیلئے افغانستان کو استعمال کرے گا۔سی این آئی کے مطابق اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عوامی روبط سے باہمی تعلقات کوفروغ ملتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ ہمارے روابط برسوں سے ہیں اورافغانستان کو ہردور میں اہمیت حاصل رہی ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ بدقسمتی سے گزشتہ چالیس برس سے افغانستان انتشار کاشکار ہے اوراس انتشار سے سب سے زیادہ نقصان پاکستان کاہوا۔انہوں نے کہا کہ اس انتشار نے دونوں ملکوں کے درمیان غلط فہمیوں کو جنم دیااورہم نے پھر بھی ماضی سے سبق نہیں سیکھا۔عمران خان نے کہا کہ افغانستان کے لوگوں کواپنے فیصلے خود کرنے ہوں گے اوربیرونی دبائو سے افغانستان کے عوام پررائے مسلط نہیںکی جاسکتی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کی ہرحکومت کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہے۔عمران خان نے کہا کہ ہم نے بھارت کے ساتھ دوستی کرنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے ،ہمیں احساس ہواکہ بھارت نظریاتی طور پرپاکستان کے خلاف ہے ۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت میں نریندرمودی حکومت اپنے ہی ملک کے مسلمانوں کے خلاف ہے جو سلوک بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ہورہا ہے وہ کبھی نہیں ہوا۔انہوں نے کہا بھارت سے دوستی کاہاتھ بڑھانے کی پھربھی کوشش کریں گے لیکن ہمیں خدشہ ہے کہ بھارت ہمیں غیر مستحکم کرنے کیلئے افغانستان کواستعمال کرے گا۔  
 

تازہ ترین