تازہ ترین

ترنگا ہندوستان کی شان، اس کی توہین ناقابل برداشت: جاوڈیکر

تاریخ    27 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


سرینگر//پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کی جانب سے پریس کانفرنس میں ترنگے سے متعلق دیئے گئے بیان کی مذمت کرتے ہوئے مرکزی اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ ترنگے کی توہین ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترنگا ہند وستان کی شان ہے اور اس کے خلاف جو بھی بولے گا اسکو بخشا نہیں جائے گا اور نہ ہی برداشت کیا جائے گا ۔ سی این آئی کے مطابق مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے سماجی رابطہ گاہ ٹویٹر پر اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا ، ’’ترنگا ہندوستان کی شان ہے،ترنگا ہندوستان کی پہچان ہے۔‘‘انہوں نے لکھا کہ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے ترنگے کی توہین کی ہے جو کہ بالکل بھی برداشت نہیں کی جا سکتی ہے اور اس کا بیان انتہائی قابل مذمت ہے ۔ خیال رہے کہ محبوبہ مفتی نے اپنی رہائی کے بعد اعلان کیا تھا کہ وہ جموں و کشمیر کے علاوہ دوسرا کوئی پرچم نہیں اٹھائیں گی۔ انہوں نے کہا تھا کہ جس وقت جموں و کشمیر کا پرچم واپس آئے گا،اس دن وہ ترنگے کو بھی اٹھالیں گی۔ محبوبہ مفتی کے اس بیان کی کئی لیڈروں نے بھی مذمت کی تھی اور واضح کر دیا کہ محبوبہ مفتی نے ترنگے کی توہین کی جس کی انہوں نے سخت الفاظ میں مذمت کی تھی ۔