تازہ ترین

پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کے انتخابات | بھاجپا نے 15نشستیں حاصل کرکے پھر میدان مارلیا

کانگریس9نشستوں پر کامیاب، 2آزاد اُمیدوروں کے حق میں

تاریخ    27 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


یو این آئی
لیہہ// لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں 22 اکتوبر کو ہونے والے لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کے انتخابات کے نتائج کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ایک بار پھر کونسل بنانے کی پوزیشن میں آگئی ۔ کونسل کی جن 26 نشستوں کیلئے ووٹنگ ہوئی تھی ان کے سرکاری نتائج کے مطابق بی جے پی نے 15، کانگریس نے 9 اور آزاد امیدواروں نے 2 نشستوں پر جیت درج کی ۔ اگرچہ کونسل کی نشستوں کی تعداد 30 ہے تاہم چار نشستوں کے لئے کونسلر نامزد کئے جاتے ہیں۔ کونسل بنانے کیلئے 14 نشستوں کی ضرورت ہوتی ہے اور یہ بات طے ہے کہ اگلی کونسل بھی بی جے پی ہی بنائے گی۔ لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کے سابقہ انتخابات میں بی جے پی نے 18 نشستوں پر کامیابی درج کی تھی، یعنی اس کو تین نشستوں کا نقصان ہوا ہے۔ ان انتخابات میں حصہ لینے والی عام آدمی پارٹی اپنا کھاتہ نہیں  کھول پائی ۔ جموں و کشمیر کی علاقائی سیاسی جماعتوں نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نے ان انتخابات میں حصہ نہیں لیا تھا۔  پیر کو ووٹوں کی گنتی انتہائی خوشگوار اور پرامن ماحول میں اختتام کو پہنچی۔ سبھی 26 نشستوں کے نتائج کا حتمی اعلان کیا جا چکا ہے۔ لیہہ کے سابق چیف ایگزیکٹو کونسلر اور سینئر کانگریس لیڈر رگزن سپلبار نے بتایا کہ 30 اراکین کے ہائوس میں اکثریت کے لئے 14 نشستوں پر جیت درج کرنا ضروری ہوتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا: 'جو دو آزاد امیدوار جیت گئے ہیں وہ بی جے پی کے باغی کارکن ہیں۔ ان کا نعرہ تھا کہ ہمیں سبھی 26 نشستیں جیتیں گے لیکن پچھلے انتخابات کی نسبت انہیں ان انتخابات میں کم نشستیں ملی ہیں'۔ ان انتخابات میں 94 امیدوار قسمت آزمائی کر رہے تھے جن میں بی جے پی کے 26، کانگریس کے 26، عام آدمی پارٹی کے 19 اور 23 آزاد امیدوار شامل تھے۔چھبیس انتخابی حلقوں پر مشتمل ان انتخابات میں 89 ہزار 7 سو  76رائے دہندگان اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے اہل تھیْ۔ انتخابات میں زائد از 65 فیصد ووٹنگ درج کی گئی تھی۔ 
 

تازہ ترین