تازہ ترین

شہر میں 20نئی پارکنگ جگہیں قائم ہونگی

۔ 6 کروڑ روپے مختص،کام عنقریب شروع ہوگا

تاریخ    24 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


 سرینگر//ایک اہم پیش رفت کے تحت شہر سرینگر میں جلد ہی 20نئی پارکنگ جگہیں قائم کی جارہی ہیں جس کے نتیجے میں شہری آبادی اور راہ گیروں کو ایک بڑی راحت ملے گی ۔پارکنگ کے ان نئے مقامات کے لئے سائٹوں کو ضلع ترقیاتی کمشنر کے دفترنے تجویز کیا ہے اور منظوری کے بعد ان جگہوں پر کام شروع ہوگا ۔ان میں سے ہر ایک مجوزہ سائٹ ایک سرکاری اراضی ہے اور یہ اس علاقے میں یا اس کے قریب واقع ہے جہاں ٹریفک کازیادہ دبائو رہتا ہے۔ضلع انتظامیہ نے سپیشل ایریا ڈیولپمنٹ پروگرام ( SADP)کے تحت 6 کروڑ روپے مختص رکھے ہیں اور ہر پارکنگ جگہ پر 10 لاکھ روپے خرچ ہونگے۔ضلع ترقیاتی کمشنرڈاکٹرشاہد اقبال چودھری نے کہا کہ کار پارکنگ کی کمی سرینگر میںایک بڑا مسئلہ ہے اور توقع ہے کہ ان پارکنگ جگہوںکے بننے کے بعد لوگوں کو راحت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ہر ایک پارکنگ جگہ پر سمارٹ آلات نصب ہونگے۔ ڈاکٹر شاہد نے مزید کہا کہ سرینگرمیں پارکنگ کے تمام منصوبوں پر کام تیز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریذیڈنسی روڈ پر 20000 مربع فٹ کی پارکنگ پر کام مکمل ہونے کو قریب ہے۔