انڈسٹریل اسٹیٹ رنگریٹ میں آگ کی ہولناک واردات

رحیم موٹرس کی عمارت خاکستر ،کروڑوں روپے نقصان کا خدشہ

تاریخ    24 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


نیوز ڈیسک
سرینگر//انڈسٹریل اسٹیٹ رنگریٹ میں آگ کی ایک ہولناک واردات میں رحیم موٹرس کی عمارت جل کر خاکستر ہوئی جس کے نتیجے میں یہاں کروڑوں روپے مالیت کے نقصان کاخدشہ ہے ۔سرینگر کے مضافاتی علاقے رنگریٹ کے انڈسٹریل اسٹیٹ میں واقع رحیم موٹرس میں جمعہ کی صبح ساڑے دس بجے کے قریب اچانک آگ ظاہر ہوئی جس نے آناً فاناً پوری عمارت کو اپنے لپیٹ میں لیا ۔رحیم موٹرس میں میکنک کی حیثیت سے کام کرنے والے عرفان احمد کے مطابق وہ معمول کے مطابق کام میں مصروف تھاکہ بجلی شارٹ سرکٹ ہوا اورچند منٹوں میں آگ ظاہر ہو ئی ہے جس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔عینی شاہدین کے مطابق اگر چہ آگ بجھانے والے محکمہ کی ایمر جنسی سروس رحیم موٹرس کے بالکل پاس واقع ہے لیکن آگ اس قدر شدید اور تیز تھا جس کو بجھانے کے لئے ایک یا دو گاڑیاں کافی نہیں تھیں۔اس دوران اضافی گاڑیاں طلب کرنے میں پندرہ منٹ لگ گئے ہیں جب تک آگ نے مکمل تیزی کے ساتھ پھیل گیا تھا۔یہاں کام کر رہے ایک اور ملازم کے مطابق انہوں نے صارفین کی کئی گاڑیوں کو باہر نکالا ہے ۔آگ مزید پھیل جانے کی وجہ سے یہاں سے دیگر گاڑیوں کو باہر نہیں نکالا جا سکا ہے ۔اگر چہ نقصان کی مکمل تفصیل فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی تاہم یہاں کروڑوں روپے کے نقصان کا خدشہ ظاہرکیا جا رہا ہے۔فائر اینڈ ایمر جنسی محکمہ کے مطابق آگ بجھانے کیلئے نوگام اور فائر سروس ہیڈ کواٹر بٹہ مالو سے6 فائر ٹینڈر بھیجے گئے۔پولیس نے اس حوالے سے ایک کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی ہے۔(مشمولات کے این ایس)
 

تازہ ترین