مزید خبرں

تاریخ    24 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


کامگاروں کے لواحقین کے حق میں اڑھائی کروڑ کی مالی مدد کومنظوری

سری نگر//لیفٹیننٹ گور نرکے مشیر فاروق خان نے تعمیراتی کامگاروں او ران کے لواحقین کے حق میں موت و آخری رسومات امداد او ردائمی امراض کے لئے مالی معاونت سکیم کے تحت 2.50کروڑ روپے کی مالی معاونت منظور کی۔سکیم کے تحت خان نے 90اَموات معاملات، 20دائمی امراض اور زخمی معاملات کو منظوری دی ۔منظور کی گئی رقم عنقریب جموںوکشمیر عمارتی اور دیگر تعمیراتی ورکرس ویلفیئر بورڈکی جانب سے واگزار کی جائے گی۔اس موقعہ پر اپنے خیالا ت کا اِظہا رکرتے ہوئے مشیر خان نے کہا کہ تمام اِلتوا ٔمیں پڑے معاملات کو منظور کرنے کا عمل شروع کی گیا ہے اور گزشتہ تین ماہ کے دوران زیادہ سے زیادہ اِلتوأمیں پڑے معاملات کو نمٹایا گیا۔
 
 

 ٹریڈ الائنس کامحکمہ اسٹیٹ ٹیکس پر تاجروں کو ہراساں کرنے کا الزام

 سرینگر//کشمیر ٹریڈ الائنس نے الزام لگایاہے کہ محکمہ سٹیٹ ٹیکس اُن کے ساتھ امتیازی سلوک کرکے اُنہیں ہراساں کررہا ہے۔کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر اعجاز شاہدارنے کہا کہ انہیں تاجروں کی شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ انہیں ہراساں کیا جارہا ہے۔انہوں نے  جموں سرینگرشاہراہ پر نوگام سرینگر اور لور منڈا چیک پوسٹوں پر محکمہ اسٹیٹ ٹیکس کے حکام اور مذکورہ محکمہ کے نگران شعبے کے عہدیداروں کے ذریعہ تاجروں کو ہراساں کرنے پر  برہمی کا اظہار کیا۔کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر کا کہنا تھا،’’ محکمہ کے افسراں اور کارندوں کی طرف سے ہراساں کرنے کی تاجروں کی طرف سے اکثر شکایات آتی رہتی ہیں۔‘‘شاہدار نے تاجروں کو ہراساں کرنے کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا،’’ویجی لنس شعبے کے افسراں نوگام بائی پاس پر تاجروں کی بھری ٹرکوں کو ضبط کر رہے ہیں اور پھر اسٹیٹ ٹیکس محکمہ ٹرکوں کوسولنہ فزیکل جانچ کیلئے لے جاتی ہیں جس کی وجہ سے تاجروں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ صرف وادی کشمیر کے تاجر وں کوہی اس امتیازی سلوک کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا’’ان افسراں کو وادی کے تاجروں کے ساتھ کوئی ہمدردی نہیں ہے یہاں تک کہ وہ اس معاشی پریشانی سے بخوبی واقف ہیں جو ہم کوایک سال سے درپیش ہیں۔‘‘ شاہدار نے کہا’’ ہمیں ناجائز جرمانے ادا کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے اور اس طرح کا امتیازی سلوک دوسری ریاستوں میں نہیں ہورہا ہے اور یہ امتیازی سلوک کی انتہا ہے۔‘‘
 
 
 

پونچھ میں آر پار گولہ باری کاتبادلہ 

پونچھ//جمعہ کی شام پونچھ سیکٹر میں ہندوپاک افواج کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔عہدیداروں نے بتایا کہ چھوٹے ہتھیاروں سے بلا اشتعال فائرنگ اور مارٹر کا استعمال کرتے ہوئے پاکستانی فوج نے گولہ باری کی ۔انہوں نے بتایاکہ شام 6 بجے کے لگ بھگ شروع ہوئی فائرنگ اور گولہ باری آخری اطلاعات موصول ہونے تک جاری تھی۔انہوں نے بتایا’’پونچھ کے کیرنی، قصبہ اور دیگر دیہات میں فائرنگ اور گولہ باری کا عمل جاری ہے‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ اب تک کسی بھی طرح کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔جموں میں مقیم فوج کے ترجمان لیفٹنٹ کرنل دیونندر آنند نے کہا کہ بھارتی فوج بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔
 

سرما کے دوران کورونا کی روکتھام کیلئے لگن سے کام کرنے کی ضرورت:ڈلو

سرینگر//فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم اٹل ڈولو نے کہا کہ کووڈ -  19 کی دورانِ سرما موثر روکتھام کیلئے لگن اور تندہی سے کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ فائنانشل کمشنر نے  کووڈ 19 وباء سے نمٹنے کے طریقہ کار سے متعلق ایک کتابچے کو جاری کرنے  کے دوران ان  باتوں کااظہار کیا۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر کشمیر ، بی سی سی آر کشمیر کے انچارج پرنسپل جی ایم سی سرینگر ، ایپیڈی مالوجسٹ ڈاکٹر طلعت جبین اور دیگر متعلقہ افسران اس موقعہ پر موجود تھے ۔ فائنانشل کمشنر نے بی سی سی آر کشمیر کے افسران اور ملازمین کو کووڈ 19 صورتحال سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات اٹھانے کیلئے سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ موسمِ سرما کے دوران اس وباء سے نئی مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں جس کی روکتھام کیلئے لگن اور تندہی سے کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بیماری کے بار بار ابھرنے سے نئی مشکلات پیدا ہو رہی ہیں جن کے حل کیلئے اختراعی اقدامات کی ضرورت ہے ۔ بعد میں فائنانشل کمشنر نے کنٹرول روم کے مختلف شعبوں کا معائینہ کیا اور وہاں رابطوں کی تلاش ، نمونے جمع کرنے ، ریڈ زون علاقوں کی نگرانی ، بیداری عام کرنے کی سرگرمیاں ، قوتِ مدافت میں اضافہ کرنے والی ادویات کی تقسیم کاری اور دیگر متعلقہ کام کاج کا جائیزہ لیا ۔ اس موقعہ پر ڈویژنل کمشنر کشمیر، انچارج بی سی سی آر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔
 
 

چاڈورہ میں بجلی کی آنکھ مچولی کے خلاف لوگوں کا احتجاج 

سرینگر// چاڈورہ بڈگام میں لوگوں نے بجلی کی آنکھ مچوکی کے خلاف احتجاج کیا ۔چاڈورہ بڈگام میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے سڑکوں پر آکر بجلی کی عدم دستیابی اور آنکھ مچولی کے خلاف زوردار مظاہرے کئے ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ کہیں روز سے بجلی سے محروم ہیں، جس کے نتیجے میں انہیں زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ لوگوں نے سڑکوں پر ٹریفک کی نقل وحمل روک دی اور محکمہ کے خلاف احتجاج کرنے لگے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ ایک گھنٹہ بجلی رہنے کے بعد بجلی بند رکھی جاتی ہے اور اس کی وولٹیج اس قدر قلیل ہوتی ہے کہ اس کی روشنی میں انسان پہچاننا بھی دشوار بن جاتا ہے۔احتجاجیوں نے محکمہ پی ڈی ڈی اور گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس جانب خصوصی دھیان دیں تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے 
 
 

گاندربل میں بجلی کے عارضی ملازمین کا احتجاج 

 صدر دفتر پر تالا چڑھا دیا ،مستقلی کا مطالبہ  

ارشاد احمد 
گاندربل// گاندربل میں محکمہ بجلی کے عارضی ملازمین نے صدر دفتر پر تالہ چڑھاکر اپنے مطالبات کے حق میں زور دار احتجاجی مظاہرہ کیا ۔سب ٹرانسمیشن ڈویژن گاندربل میں تعینات عارضی ملازمین نے جمعہ کے روز عارضی ملازمین کی فہرست میں تاخیر خلاف احتجاج کیا ۔اور حکام کے خلاف نعرہ بازی کی ۔احتجاج کرنے والے ملازمین کا کہنا تھا کہ 7برسوں سے ان کی مستقلی کے حوالے سے حکام لیت لعل سے کام لے رہی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ان کی رکی پڑی تنخواہیں بھی واگزر نہیں کی جا رہی ہیں جس کے نتیجے میں وہ سخت پریشانی میں مبتلا ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ ان سے 24گھنٹے کام لیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ لوگوں کو بلا خلل کے بجلی فراہم کرنے کیلئے اپنی جانوں کو بھی جوکھم میں ڈال رہے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی ان کی جانب کوئی خاص توجہ نہیں دی جاتی ہے ۔انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے ساتھ حکام سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مستقلی میں تاخیر اور تنخوائوں کو وقت پر واگزر نہ کرنے کے خلاف وہ صدر دفتر پر تالا چڑھانے پر مجبور ہوئے ہیں ۔ عارضی ملازمین کے صدر فیاض احمد نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ہماری جائز مطالبات کو تسلیم کرکے ہماری مانگوں کو پورا کیا جائے ۔ 
 
 

 ایوشمان بھارت اسکیم سے متعلق شو پیاں میں جانکاری کیمپ کا انعقاد

شاہد ٹاک 
شوپیاں // شوپیاں میں ’ایوشمان بھارت‘ ہیلتھ سکیم کے متعلق یک روزہ جانکاری کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں اشاورکروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ چیف میڈیکل افسر شوپیان نے جمعہ کو شوپیان ضلع کے کیلر علاقے میں آشا ورکروں کیلئے ایوشمان بھارت نامی ہیلتھ سکیم کے متعلق ایک جانکاری کیمپ کا انعقاد کیا ،تاکہ لوگوں کو اس سکیم کے بارے میں مکمل جانکاری مل سکے ۔واضح رہے کہ جموں و کشمیر کی عوام کیلئے حکومت کی طرف سے چلائی جانے والی ایوشمان بھارت نامی سکیم کے تحت بہت سے لوگ مستفید ہو رہیں ،وہیں ،دور افتادہ علاقوں میں ہزاروں لوگ ایسے ہیں جنہیں اس سکیم کے بارے میں کوئی جانکاری ہی نہیں ہے ،اگرچہ پہلے اس اسکیم کا فائدہ مخصوص لوگ اٹھا رہے تھے ،تاہم اب حکومت نے جموں وکشمیر کے پورے عوام کیلئے اس سکیم کو لاگو کیا ہے۔اس موقعہ ضلع منیجر کامن سروسز سینئر (C.S.C) شوپیان پیر زادہ طفیل نے عام لوگوں کو اس اسکیم کا فائدہ اٹھانے کی گزارش کی اور بتایا کہ اس اسکیم کے اندراج کیلئے صرف آدھار کارڈ اور راشن کارڈ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا ضلع شوپیان کے لوگ کسی بھی نزدیکی کامن سروسز سینئر میں جاکر اپنا اندراج کرا سکتے ہیں۔
 
 

سید غلام رسول غیور کی15ویں برسی

کلچرل اکیڈیمی اور غیور فائونڈیشن کے اشتراک سے پلوامہ میں پُر وقار تقریب

سید اعجاز 
ترال //وادی کے نامور شاعر ادیب صحافی اور ماہر تعلیم سید غلام رسول غیور کی15ویں برسی پر کلچرل اکیڈیمی ضلع انتظامیہ پلوامہ اور غیور فائونڈیشن کے اشتراک سے ٹاون ہال پلوامہ میں تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں کئی نامور شخصیات جن میں شاد رمضان، پروفیسر محمد اسلم ملک، غلام حسن طالب، ڈاکٹر ساحل عباس، فیاض اندرابی، شکیل آزاد، ڈاکٹر روف عادل، شوکت اندرابی کے علاوہ دیگرلوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ٹاون ہال پلوامہ میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں ادب نوازشخصیات کی بڑی تعداد نے مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ 15 ویںبرسی پر منعقدہ اس اس تقریب میں پروفیسر محمد اسلم ملک اور شاد رمضان نے مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی ،جبکہ شاد رمضان کی صدارت میں تقریب منعقد ہوئی۔ ایوان صدارت میں غلام حسن طالب، شوکت غیور، شاد رمضان موجود رہے ۔اس موقعہ پر مرحوم سید غلام رسول غیور کی ادبی اور صحافی خدمات کو یاد کر کے انہیں شاندار الفاظ میںخراج عقیدت پیش کیا۔ ہفتہ روزہ اخبار شہر بین نے سید غلام رسول غیور کا ایک خصوصی شمارہ بھی شائع کیا۔ جس پر ادب نوازوں نے اخبار کے اس قدم کو کا فی سراہا۔ ادھر مرحوم کی برسی پر کئی ادبی تنظیموں جن میں مراز ادبی سنگم، ڈسڑکٹ کلچرل سوسائٹی پلوامہ اور اے آر آزاد میموریل فائونڈیشن نے شاندار خراج پیش کیا۔
 
 

بارہمولہ میں ادبی محفل کا انعقاد 

سرینگر // وادی کشمیر کی ادبی تنظیم 'ساگر کلچرل فورم ژکر پٹن' کی طرف سے بارہمولہ میں ایک عظیم الشان ادبی محفل کا انعقاد ہوا جس کی پہلی نشست میں معروف شاعر الہام عبدلااحد ملک کے شعری مجموعے ’ووتش لوگ لولہ ارمانن ‘کی رسم رونمائی انجام دی گئی۔پہلی نشست کی صدارت ادبی مرکز کمراز کے صدر فاروق رفیع آبادی نے انجام دی جبکہ ایوان صدارت میں سابق ایم ایل اے بارہمولہ جاوید حسن بیگ بحیثیت مہمان خصوصی اور معروف قلمکار اور شہربین کے نمائندے خورشید عالم مہمان ذی وقار کی حیثیت سے موجود تھے۔وادی کے نوجوان قلمکار منتظر مومن نے اجرا شدہ کتاب پر تبصرہ پیش کیا۔محفل کی دوسری نشست مشاعرے پر مشتمل تھی۔ مشاعرے کی صدارت معروف شاعر ڈار مشتاق نے کی۔مشاعرے میں جن شعرا کرام نے اپنا کلام پیش کیا ان میں ساگر سرفراز، ریاض ربانی، آفاق دلنوی، نثار اعظم، بشیر زوگیاری، رشید روشن، حسن درویش، علی کاظمی، مسرور مظفر، اسداللہ صفوی، حق نواز، رافیہ ولی، عشرت منظور، پرویز نہالپوری، محبوب بلال، مبارک لون، شوکت تلگامی، طارق احمد طارق، حسن اظہر، توصیف رضا دلنواز، خان عابد اشرف، قیوم ترکولہ بلی، صابر ایوب، بشیر منگوالیوری، مجروح کشمیری، خالد بشیر، ارشاد ساقی، الہام ناروایہ، قیصر مجدی، بشارت حفیظ، شاہی سجاد، عبدالغفار خاکسار اور ساگر نذیر شامل ہیں۔فورم کے صدر ساگر نذیر نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ بشیر زوگیاری نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔(یو این آئی) 
 

مہانومی اور دسہرا پر نیشنل کانفرنس کی تہنیت

 سرینگر//نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مہانومی اور دسہرا کے تہواروں کے موقعہ پر ہندو برادری خاص کر کشمیری پنڈتوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام مذاہب انسانی بھائی چارے کا درس دیتے ہیں اور آپسی محبت کو مستحکم بنانے کی راہیں دکھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنڈت برادری کی عدم موجودگی میں وادی کشمیر اداس ہے تاہم انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ وہ دن عنقریب آنے کو ہے جب ہمارے سماج کو اپنی دیرینہ روایات پھر سے بحال کرنے کا موقعہ ملے گا۔ ادھر پارٹی کے صوبائی صدر دیوندر سنگھ رانا، پارٹی لیڈران صدر ایم کے یوگی، نائب صدر صوبہ رتن لعل گپتا، اقلیتی سیل کے آرگنائزر جگدیش سنگھ آزاد نے بھی مہا نوامی کے تہوارپرمبارکبادی پیغام میں کہا ہے کہ مذہبی تہوار انسانیت، اخوات، بھائی چارہ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا درس دیتے ہیں۔
 

اپنی پارٹی کا جی آر غیور کو 14ویں برسی پر خراج 

سرینگر//اپنی پارٹی نے نامور سیاسی کارکنان، ماہر تعلیم اور شاہر غلام رسول غیور کو 14ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں پارٹی کے ترجمان جاوید احمد حسن بیگ نے مرحوم غیور اندرابی کو ہمہ جہت شخصیت قرار دیا جنہیں سماجی اور سیاسی شعبہ جات میں خدمات انجام دینے کے علاوہ شاعری اورعلمی بصیرت کیلئے یاد کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ اُن کی برسی پر اپنی پارٹی اُن کی خدمات کو یاد کرتی ہے جنہوں نے نہ صرف جنوبی کشمیر میں سیاسی عمل کو تقویت بخشی بلکہ علم اور شاعری سے بھی لوگوں کی زہن سازی کی ۔ اپنی پارٹی ترجمان نے اہل خانہ بالخصوص غیور فاؤنڈیشن کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی جنت نشینی کے لئے دعا کی ہے۔
 

دھرم ویر بترہ کی وفات پر الطاف بخاری کی تعزیت

سرینگر//اپنی پارٹی صدر سعید محمد الطاف بخاری نے جموں وکشمیر کے نامور تاجر دھرم ویر بترہ کی وفات پر دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے جنہوں نے دہلی میں آخری سانس لی۔ تعزیتی پیغام میں بخاری نے کہا آنجہانی وہ شریف النفس تھے جنہوں نے تجارت کے شعبہ میں زبردست نام کمایا اور وہ امداد وسخاوتی سرگرمیوں کیلئے خطہ بھر میں جانے جاتے تھے۔ بخاری نے کہاکہ اُنہیں جموں وکشمیر اور ملک کے دیگر حصوں میں تعلیمی وطبی میدان میں ڈھانچہ قائم کرنے کیلئے یاد رکھاجائے گا۔
 

اونتی پورہ پولیس کی ٹیموںنے جاں بحق

 اہلکاروں کے اہل خانہ سے یکجہتی کا اظہار کیا 

ترال /سید اعجاز /اونتی پورہ پولیس کی کئی ٹیموں نے جاں بحق ہوئے پولیس اہلکاروں کے افراد خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے گھروں کا دورہ کیا جس دوران انہیں کمبل اور خشک میوہ پیش کیا گیا ۔ایس ایس پی اونتی پورہ طاہر سلیم نے پولیس ضلع اونتی پورہ کے تحت آنے والے علاقوں میں تین دہائیوں سے مختلف علاقوں میں دوران سروس جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کے گھر جا کران کے فلاح بہبود کے حوالے سے جانکاری حاصل کی ،جس دوران سب سے پہلے طاہر سلیم نے جمعہ کے روز ہاری پاریگام اور بہو اونتی پورہ میں جاں بحق پولیس اہلکاروں کے گھر جا کر ان کی فلاح وبہبود کے حوالے سے جائزہ لیا ہے ۔ اسی طرح ایس ڈی پی او ترال ،اونتی پورہ اور پانپورنے مذکورہ علاقوں کے ایس ایچ اوز کے ہمراہ مختلف علاقوں کے جان بحق پولیس اہلکاروں کے گھر جا کر ان سے بات چیت کر کے انہیں بتایا اگر انہیں کسی بھی قسم کی کوئی شکایت یا مشکلات ہیں تو وہ ان کے ساتھ شیئر کریں ،تاکہ ان کو متعلقہ سرکاری محکموں کی نوٹس میں لا کر حل کرایا جا سکے ۔ایس ایس پی اونتی پورہ نے بتایا ہم جاں بحق پولیس اہلکاروں کے ساتھ رابطے میں ہمیشہ ہوتے ہیں، تاہم آج کا دورہ یوم یکجہتی پولیس کا حصہ ہے جو21اکتوبر جاں بحق افراد کی یاد میں منایا گیا ہے، جبکہ باقی دس دن اس حوالے سے دیگر پروگراموں کو جاں بحق پولیس اہلکاروں کی یاد میں منایا جا رہا ہے ۔ 
 

بانڈی پورہ میں پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد

سرینگر//پولیس اور عوام کے بیچ بہتر تعلقات قائم رکھنے کی خاطر پٹھ کورٹ اور آرگام میں پولیس پبلک میٹنگوں کا انعقاد کیاگیا۔ان میٹنگو کی صدارت متعلقہ ایس ایچ او صاحبان نے کی اور اس میں ان گاوَں کے ذی عزت شہریوں نے شرکت کی ۔ میٹنگ کے دوران شرکاء نے پولیس اور سیول انتظامہ کے نسبت اپنے مسائل اوجاگر کئے۔ متعلقہ ایس ایچ او ز نے لوگوں کو یقین دہانی کرائی کہ پولیس کے متعلق ان کے مسائل کو ترجہی بنیادوں پر حل کیاجائیگا اور باقی ان کے دیگر مسائل کو سیول انتظامیہ کی نوٹس میں لایا جائیگا تاکہ اُن کے مسائل کا جلد ی سے ازالہ ہوسکے۔پبلک میٹنگ میں شرکاء نے پولیس کو ضلع میں ہر طرح کی جرائم سے قلع قمع کرنے کیلئے اپنا بھر پور تعاون پیش کرنے کی یقین دہانی کی ۔اور اس طرح کے پبلک میٹنگ انعقاد کرنے کی مذیز تلقین کی تاکہ پولیس اور عوام کے بیچ بہتر سے بہتر مراسم قائم و دائم ہوسکیں۔
 

تازہ ترین