ترال کاعوام محکمہ تعمیرات عامہ سے خفا

عوامی اہمیت کے حامل کئی پروجیکٹ منظور ہونے کے بعدمنسوخ

تاریخ    24 اکتوبر 2020 (00 : 01 AM)   


سید اعجاز
ترال //جہاں ایک طرف گور نر انتظامیہ عوام کو آسائش پہنچانے کیلئے مختلف قسم کے اقداما اٹھا رہی ہے، وہیں دوسری جانب جنوبی کشمیر کے ترال میں عوامی اہمیت کے حامل کئی پروجیکٹ منظوری کے بعد محکمہ آر اینڈ بی کی نا اہلی کی وجہ سے منسوخ ہو ئے ہیں یا کئی سال گزر جانے کے باوجوو ان پر کام شروع نہیں کیا گیا ،جس پر مقامی لوگوں نے سخت غم و غصے کا اظہار کر کے گورنر انتظامیہ سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے ۔سب ضلع کے تحصیل آر پل کے تحت آنے والے علاقے دیدارپورہ (گٹنگو) اور جواہر پورہ لام نالے پر پل کی عدم دستیابی کی وجہ سے علاقے کی آبادی کو طرح طرح کے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔اس دوران مزکورہ آبادی کے مسائل کو کئی مرتبہ میڈیا میں بھی اُجا گر کیا گیا ہے ،جس کے بعد 2سال قبل انتظامیہ نے خبروں کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے نالہ لام پر پل تعمیر کرنے کیلئے ایک ٹنڈر  جاری کیا اور کام ایک مقامی ٹھیکہ دار کو سونپاگیا، جس پر مقامی لوگوں نے اس وقت خوشی کا اظہار کیا ۔آبادی نے بتایا مزکورہ پل پر کام شروع کرنے سے قبل ایک سرکاری محکمہ نے کسی بات پر اعتراض کیا، تاہم اس وقت کے ڈپٹی کمشنر پلوامہ نے صرف24گھنٹوں میں این او سی فراہم کر کے متعلقہ محکمہ کو کام شروع کرنے کی ہدایت دی ۔مقامی لوگوں نے بتایاتمام لوازمات پورے کرنے کے باوجود مزکورہ پل پر جب کام شروع نہیں کیا گیا تو لوگوں نے محکمہ کے ساتھ رابطہ کیا،جس دوران وہ یہ سن کر حیران ہو ئے کہ ٹھیکہ دار پل کیلئے مختص رکھی گئی رقم پر کام کرنے کیلئے تیار نہیں ہوا۔جبکہ محکمہ نے کسی کارروائی کے بجائے  منظور ہونے والے اس پروجیکٹ کو منسوخ کروایا۔۔ادھر ترال میں ہی پستونہ وہاب صاحب سڑک پر بھی چند سال قبل کام شروع کیا گیا اور ابتدائی ایک کلو میٹر کے بعد کام کو دوبارہ روک دیا گیا ۔اسی طرح سابق سرکار میں صوفی گنڈ میں مشہور بزرگ شیخ باقر شیخ صاحب ؒ کی زیارت تک ڈار گنائی سے ایک سڑک کو تعمیر کرنے کیلئے کام شروع کیا گیا جس کو بعد میں ادھورا چھوڑدیا گیا ہے ۔ اسی طرح بٹ نور سے بٹ نور بالا تک میکڈم بچھانے کا کام نا معلوم وجوہات کی بناء پرروک دیا گیا ہے اور 2 سال گزر جانے کے باوجود بھی محکمہ کے ملازمین مزکورہ گائوں میں نمودار نہیں ہوئے ہیں ۔اس کے علاوہ سب ضلع میں متعدد پروجیکٹ کئی سال سے نا مکمل ہیں جس کی وجہ سے عوام کافی زیادہ پریشان ہے۔کشمیر عظمیٰ نے ٹنڈر منسوخ کروانے کے بارے میں جب اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر آر اینڈ بی ترال اشتیاق احمد سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ یہ سچ ہے کہ مزکورہپروجیکٹ رقومات کی عدم دستیابی کی وجہ سے منسوخ ہوا ہے، تاہم انہوں نے کہا ،وہ ان کی ترال تعیناتی سے قبل منسوخ کیا گیا تھا تاہم اب دوبارہ اس پل کی تعمیر کا کام پلان میں رکھا جائے گا ۔محکمہ کے مطابق زیارت شریف تک سڑک کو تعمیرسرکارکے گر جانے کے بعدمکمل نہیں ہو سکی ہے ۔
 

تازہ ترین